READ

Surah Ghafir

اَلْمُؤْمِن
85 Ayaat    مکیۃ


40:41
وَ یٰقَوْمِ مَا لِیْۤ اَدْعُوْكُمْ اِلَى النَّجٰوةِ وَ تَدْعُوْنَنِیْۤ اِلَى النَّارِؕ(۴۱)
اور اے میری قوم مجھے کیا ہوا میں تمہیں بلاتا ہوں نجات کی طرف (ف۸۸) اور تم مجھے بلاتے ہو دوزخ کی طرف (ف۸۹)

{وَ یٰقَوْمِ: اور اے میری قوم!} اس آیت اور ا س کے بعد والی دو آیات کا خلاصہ یہ ہے کہ اپنی قوم کو نصیحت کرتے وقت مردِ مومن نے یہ محسوس کیا کہ لوگ میری باتوں  پر تعجب کر رہے ہیں  اور میری بات ماننے کی بجائے مجھے اپنے باطل دین کی طرف بلانا چاہتے ہیں  تو اس نے اپنی قوم کومُخاطَب کرکے کہا: تم عجیب لوگ ہو کہ میں  تمہیں  ایمان اور طاعت کی تلقین کر کے جنت کی طرف بلاتا ہوں  اور تم مجھے کفر و شرک کی دعوت دے کر جہنم کی طرف بلا رہے ہو ۔تم مجھے اِس بات کی طرف بلاتے ہو کہ میں  اُس اللہ تعالیٰ کا انکار کر دوں  جس کا کوئی شریک نہیں  اور معبود ہونے میں  ایسے کو اس کا شریک کروں  جس کے معبود ہونے پر کوئی دلیل ہی نہیں  اور میں  تمہیں  اس اللہ کی طرف بلا رہا ہو ں  جو عزت والا ہے اور توبہ کرنے والے کو بہت بخشنے والا ہے،توخود ہی ثابت ہوا کہ تم مجھے جس کی عبادت کی طرف بلا رہے ہو اس کی عبادت کرنا دنیا اور آخرت میں  کہیں  کام نہ آ ئے گا کیونکہ وہ حقیقی معبود نہیں  اور یاد رکھو کہ ہمیں  مرنے کے بعد اللہ تعالیٰ کی طرف لوٹ کر جانا ہے اور وہ ہمیں  ہمارے اعمال کی جز ادے گا اور یہ بھی یاد رکھو کہ کافر ہی ہمیشہ کے لئے جہنم میں  جائیں  گے۔( روح البیان، المؤمن، تحت الآیۃ: ۴۱-۴۳، ۸ / ۱۸۶-۱۸۷، مدارک، غافر، تحت الآیۃ: ۴۱-۴۳، ص۱۰۶۰-۱۰۶۱، ملتقطاً)

40:42
تَدْعُوْنَنِیْ لِاَكْفُرَ بِاللّٰهِ وَ اُشْرِكَ بِهٖ مَا لَیْسَ لِیْ بِهٖ عِلْمٌ٘-وَّ اَنَا اَدْعُوْكُمْ اِلَى الْعَزِیْزِ الْغَفَّارِ(۴۲)
مجھے اس طرف بلاتے ہو کہ اللہ کا انکا کروں اور ایسے کو اس کا شریک کروں جو میرے علم میں نہیں، اور میں تمہیں اس عزت والے بہت بخشنے والے کی طرف بلاتا ہوں،

40:43
لَا جَرَمَ اَنَّمَا تَدْعُوْنَنِیْۤ اِلَیْهِ لَیْسَ لَهٗ دَعْوَةٌ فِی الدُّنْیَا وَ لَا فِی الْاٰخِرَةِ وَ اَنَّ مَرَدَّنَاۤ اِلَى اللّٰهِ وَ اَنَّ الْمُسْرِفِیْنَ هُمْ اَصْحٰبُ النَّارِ(۴۳)
آپ ہی ثابت ہوا کہ جس کی طرف مجھے بلاتے ہو (ف۹۰) اسے بلانا کہیں کام کا نہیں دنیا میں نہ آخرت میں (ف۹۱) اور یہ ہمارا پھرنا اللہ کی طرف ہے (ف۹۲) اور یہ کہ حد سے گزرنے والے (ف۹۳) ہی دوزخی ہیں،

40:44
فَسَتَذْكُرُوْنَ مَاۤ اَقُوْلُ لَكُمْؕ-وَ اُفَوِّضُ اَمْرِیْۤ اِلَى اللّٰهِؕ-اِنَّ اللّٰهَ بَصِیْرٌۢ بِالْعِبَادِ(۴۴)
تو جلد وہ وقت آتا ہے کہ جو میں تم سے کہہ رہا ہوں، اسے یاد کرو گے (ف۹۴) اور میں اپنے کام اللہ کو سونپتا ہوں، بیشک اللہ بندوں کو دیکھتا ہے (ف۹۵)

{فَسَتَذْكُرُوْنَ مَاۤ اَقُوْلُ لَكُمْ: تو جلد ہی تم وہ یاد کرو گے جو میں  تم سے کہہ رہا ہوں ۔} اس آیت کا خلاصہ یہ ہے کہ مردِ مومن نے کہا: میری باتیں  ابھی تمہارے دل پر نہیں  لگتیں  لیکن عنقریب جب تم پر عذاب نازل ہو گا تو اس وقت تم میری نصیحتیں  یاد کرو گے مگراس وقت کا یاد کرنا کچھ کام نہ دے گا ۔ یہ سن کر ان لوگوں  نے اس مومن کو دھمکی دی کہ اگر تم ہمارے دین کی مخالفت کرو گے تو ہم تمہارے ساتھ برے طریقے سے پیش آئیں  گے ۔اس کے جواب میں  اس نے کہا: میں  اپنا معاملہ اللہ  تعالیٰ کو سونپتا ہوں ، بیشک اللہ تعالیٰ بندوں  کو دیکھتا ہے اور ان کے اعمال اوراحوال کو جانتا ہے (لہٰذا مجھے تمہارا کوئی ڈر نہیں )۔( خازن، حم المؤمن، تحت الآیۃ: ۴۴، ۴ / ۷۳، ملخصاً)

میرا مالک نہیں  ،میرا اللہ تو مجھے دیکھ رہا ہے:

            اس آیت سے معلوم ہوا کہ کوئی بھی عمل کرتے وقت یہ بات اپنے پیشِ نظر رکھنی چاہئے کہ اللہ  تعالیٰ اسے دیکھ رہا ہے اور وہ اس کے تمام اَعمال اور اَحوال سے با خبر ہے،یہاں  اسی سے متعلق ایک حکایت ملاحظہ ہو،چنانچہ حضرت عبداللہ بن مسعود رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہُ  بعض لوگوں  کے ساتھ صحرا کی طرف نکلے ،وہاں  انہوں  نے کھانا پکایا ،جب کھانا تیار ہو گیا تو وہاں  انہوں  نے ایک چرواہے کو دیکھا جو بکریاں  چرا رہا تھا،انہوں  نے اسے کھانے کی دعوت دی تو چرواہے نے کہا:آپ کھائیں  کیونکہ میں  نے روزہ رکھا ہوا ہے۔لوگوں  نے اسے آزمانے کے طور پر کہا:اس جیسے شدید گرم دن میں  تم نے کیسے روزہ رکھا ہوا ہے؟اس نے کہا:جہنم کی گرمی اس سے زیادہ شدید ہے۔لوگ اس کی بات سن کر حیران ہوئے اور اس سے کہا:ان بکریوں  میں  سے ایک بکری ہمیں  بیچ دو،ہم تمہیں  اس کی قیمت بھی دیں  گے اور اس کے گوشت میں  سے حصہ بھی دیں  گے۔اس نے کہا:یہ بکریاں  میری نہیں  بلکہ میرے سردار اور میرے مالک کی ہیں  تو پھر میں  اسے کیسے بیچ سکتا ہوں ۔لوگوں  نے اس سے کہا:تم اپنے مالک سے یہ کہنا دینا کہ اسے بھیڑیا کھا گیا ہے یا وہ گم ہو گئی ہے ۔اس چرواہے نے کہا:(اگر میرا مالک مجھے نہیں  دیکھ رہا تو پھر)اللہ تعالیٰ کہاں  ہے (یعنی جب وہ مجھے دیکھ رہا ہے تو پھر میں  جھوٹی بات کیسے کہہ سکتا ہوں ) لوگ اس کے کلام سے بہت حیران ہوئے ،پھر جب وہ مدینہ منورہ واپس تشریف لائے تو حضرت عبداللہ بن مسعود رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہُ نے بکریوں  سمیت اس چرواہے کو خرید کر آزاد کر دیا اور وہ بکریاں  اسے تحفے میں  دیدیں ۔( روح البیان، المؤمن، تحت الآیۃ: ۴۴، ۸ / ۱۸۸)

            اللہ تعالیٰ ہمیں  اپنا حقیقی خوف نصیب فرمائے اور ہر حال میں  اپنی نافرمانی سے بچنے کی توفیق عطا فرمائے، اٰمین۔

 

40:45
فَوَقٰىهُ اللّٰهُ سَیِّاٰتِ مَا مَكَرُوْا وَ حَاقَ بِاٰلِ فِرْعَوْنَ سُوْٓءُ الْعَذَابِۚ(۴۵)
تو اللہ نے اسے بچالیا ان کے مکر کی برائیوں سے (ف۹۶) اور فرعون والوں کو برے عذاب نے آ گھیرا، (ف۹۷)

{فَوَقٰىهُ اللّٰهُ سَیِّاٰتِ مَا مَكَرُوْا: تو اللہ نے اسے بچالیا ان کے مکر کی برائیوں  سے۔} اس سے پہلی آیت میں  بیان ہو اکہ مردِ مومن نے (فرعونیوں  کی دھمکی کی پرواہ نہ کی اور) اپنا معاملہ اللہ تعالیٰ کے سپرد کر دیااور یہاں  بیان کیا جا ر ہاہے کہ جب فرعون اور اس کے درباریوں  نے مرد ِمومن کو سزا دینے کا ارادہ کیا تو اللہ تعالیٰ نے اسے ان کے شر سے بچا لیا جبکہ فرعون کی قوم اور فرعون کا انجام یہ ہوا کہ انہیں  برے عذاب نے گھیر لیا،دنیا میں  وہ فرعون کے ساتھ دریا میں غرق ہوگئے اور قیامت کے دن جہنم میں جائیں  گے ۔( تفسیرکبیر، المؤمن، تحت الآیۃ: ۴۵، ۹ / ۵۲۱، خازن، حم المؤمن، تحت الآیۃ: ۴۵، ۴ / ۷۳، ملتقطاً)

            اس سے معلوم ہو اکہ جو شخص اپنا معاملہ اللہ تعالیٰ کے سپرد کر دیتا ہے اور اس پر بھروسہ کرتا ہے تواللہ تعالیٰ اسے کفایت فرماتا اور دشمنوں  کے مکر و فریب سے بچالیتاہے۔
40:46
اَلنَّارُ یُعْرَضُوْنَ عَلَیْهَا غُدُوًّا وَّ عَشِیًّاۚ-وَ یَوْمَ تَقُوْمُ السَّاعَةُ- اَدْخِلُوْۤا اٰلَ فِرْعَوْنَ اَشَدَّ الْعَذَابِ(۴۶)
آ گ جس پر صبح و شام پیش کیے جاتے ہیں (ف۹۸) اور جس دن قیامت قائم ہوگی، حکم ہوگا فرعون والوں کو سخت تر عذاب میں داخل کرو،

{اَلنَّارُ یُعْرَضُوْنَ عَلَیْهَا غُدُوًّا وَّ عَشِیًّا: آ گ جس پر صبح و شام پیش کیے جاتے ہیں ۔} یعنی فرعون اور اس کی قومکو دنیا میں  غرق کر دیا گیا ،پھر انہیں  صبح وشام آگ پر پیش کیا جاتا ہے اور وہ اس میں  جلائے جاتے ہیں  اور جس دن قیامت قائم ہوگی، اس دن فرشتوں  کو حکم فرمایا جائے گا کہ فرعون والوں  کو جہنم کے سخت تر عذاب میں  داخل کردو۔(جلالین، غافر، تحت الآیۃ: ۴۶، ص۳۹۴)

             حضرت عبداللہ بن مسعود رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہُ فرماتے ہیں  کہ فرعونیوں  کی روحیں  سیاہ پرندوں  کے قالب میں  ہر روز دو مرتبہ صبح و شام آ گ پر پیش کی جاتی ہیں  اور ان سے کہا جاتا ہے کہ یہ آ گ تمہارا مقام ہے اور قیامت تک ان کے ساتھ یہی معمول رہے گا ۔( خازن، حم المؤمن، تحت الآیۃ: ۴۶، ۴ / ۷۳)

 عذابِ قبر کا ثبوت:

            اس آیت سے عذابِ قبر کے ثبوت پر اِستدلال کیا جاتا ہے کیونکہ یہاں  پہلے صبح و شام فرعونیوں  کو آگ پر پیش کئے جانے کا ذکر ہوا اور اس کے بعد قیامت کے دن سخت تر عذاب میں  داخل کئے جانے کا بیان ہوا، اس سے معلوم ہوا کہ قیامت سے پہلے بھی انہیں  آگ پر پیش کرکے عذاب دیا جا رہاہے اور یہی قبر کا عذاب ہے۔ کثیر اَحادیث سے بھی قبر کا عذاب بر حق ہونا ثابت ہے، ان میں  سے ایک حدیث پاک یہ ہے ،چنانچہ

             حضرت عبداللہ بن عمر رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہُ سے روایت ہے ، رسولُ اللہ صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا: ہر مرنے والے پر اس کا مقام صبح و شام پیش کیا جاتا ہے ،جنتی پر جنت کا اور دوزخی پر دوزخ کا اور اس سے کہا جاتا ہے کہ یہ تیرا ٹھکانہ ہے یہاں  تک کہ قیامت کے دن اللہ تعالیٰ تجھے اس کی طرف اٹھائے ۔( صحیح بخاری، کتاب الجنائز، باب المیّت یعرض علیہ مقعدہ... الخ، ۱ / ۴۶۵، الحدیث: ۱۳۷۹۰)

            اللہ تعالیٰ ہمیں  اپنے حبیب صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کے صدقے قبر کے عذاب سے محفوظ فرمائے، اٰمین۔

 

40:47
وَ اِذْ یَتَحَآجُّوْنَ فِی النَّارِ فَیَقُوْلُ الضُّعَفٰٓؤُا لِلَّذِیْنَ اسْتَكْبَرُوْۤا اِنَّا كُنَّا لَكُمْ تَبَعًا فَهَلْ اَنْتُمْ مُّغْنُوْنَ عَنَّا نَصِیْبًا مِّنَ النَّارِ(۴۷)
اور (ف۹۹) جب وہ آگ میں باہم جھگڑیں گے تو کمزور ان سے کہیں گے جو بڑے بنتے تھے ہم تمہارے تابع تھے (ف۱۰۰) تو کیا تم ہم سے آگ کا کوئی حصہ گھٹا لوگے،

{وَ اِذْ یَتَحَآجُّوْنَ فِی النَّارِ: اور جب وہ آگ میں  باہم جھگڑیں  گے۔} اس آیت اور اس کے بعد والی آیت کا خلاصہ یہ ہے کہ اے انبیاء کے سردار!آپ اپنی قوم سے جہنم کے اندر کفار کے آپس میں  جھگڑنے کا حال ذکر فرمائیے کہ جب وہ لوگ جہنم کی آگ میں  ایک دوسرے سے جھگڑاکریں  گے اور ان میں  سے جو لوگ کمزور تھے وہ اپنے متکبِّر سرداروں  سے کہیں  گے : ہم دنیا میں  تمہارے تابع تھے اور تمہاری وجہ سے ہی کافر بنے تو کیا تم ا س بات پر قادر ہو کہ ہم جس عذاب میں  مبتلا ہیں  اس کا کوئی حصہ ہم سے دور کر دو؟کافروں  کے سردار جواب دیں  گے :ہم سب آگ میں  ہیں  اور ہر ایک اپنی مصیبت میں  گرفتار ہے ، ہم میں  سے کوئی کسی کے کام نہیں  آسکتا،اگر ہم کچھ کر سکتے ہوتے تو اپنے لئے نہ کر لیتے۔ اب فیصلہ ہوچکا ہے جس میں  کوئی کمی بیشی نہیں  ہوسکتی ،بے شک اللہ تعالیٰ نے ایمانداروں  کو جنت میں  داخل کردیا اور کافروں  کو جہنم میں  بھیج دیا ، جو ہونا تھا ہوچکا اب اس سے ہٹ کر کچھ نہیں  ہو سکتا۔
40:48
قَالَ الَّذِیْنَ اسْتَكْبَرُوْۤا اِنَّا كُلٌّ فِیْهَاۤۙ-اِنَّ اللّٰهَ قَدْ حَكَمَ بَیْنَ الْعِبَادِ(۴۸)
وہ تکبر والے بولے (ف۱۰۱) ہم سب آگ میں ہیں (ف۱۰۲) بیشک اللہ بندوں میں فیصلہ فرماچکا (ف۱۰۳)

40:49
وَ قَالَ الَّذِیْنَ فِی النَّارِ لِخَزَنَةِ جَهَنَّمَ ادْعُوْا رَبَّكُمْ یُخَفِّفْ عَنَّا یَوْمًا مِّنَ الْعَذَابِ(۴۹)
اور جو آگ میں ہیں اس کے داروغوں سے بولے اپنے رب سے دعا کرو ہم پر عذاب کا ایک دن ہلکا کردے، (ف۱۰۴)

{وَ قَالَ الَّذِیْنَ فِی النَّارِ: اور جو آگ میں  ہیں وہ کہیں  گے۔} اس آیت اور ا س کے بعد والی آیت کا خلاصہ یہ ہے کہ جب کافروں  میں سے کمزور لوگ اپنے سرداروں  سے مایوس ہو جائیں  گے تو وہ جہنم پر مامور فرشتوں کی طرف رخ کریں  گے اور ان سے کہیں  گے:آپ حضرات ہی اپنے رب عَزَّوَجَلَّ سے دعا کریں  کہ دنیا کے ایک دن کی مقدار تک ہمارے عذاب میں  تخفیف رہے ۔فرشتے جواب دیں  گے :کیا تمہارے پاس تمہارے اللہ تعالیٰ کے رسول نشانیاں  نہ لاتے تھے اورکیا انہوں  نے واضح معجزات پیش نہ کئے تھے ؟ مراد یہ ہے کہ اب تمہارے لئے عذر کرنے کی کوئی جگہ باقی نہ رہی ۔کافرلوگ انبیاءِ کرام عَلَیْہِمُ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کے تشریف لانے کو تسلیم کریں  گے اور اپنے کفر کرنے کا بھی اقرار کریں  گے ۔فرشتے جواب دیں  گے :ہم کافروں  کے حق میں  دعا نہیں  کریں  گے ، لہٰذاتم خود ہی اپنے رب سے دعا کرکے دیکھ لو کہ وہ تم پر ایک دن کے لئے عذاب ہلکا کر دے لیکن بہرحال تمہارا دعا کرنا بھی بیکار ہی جائے گا کیونکہ وہ قبول نہیں  ہو گی۔( تفسیرکبیر، المؤمن، تحت الآیۃ: ۴۹-۵۰، ۹ / ۵۲۲-۵۲۳، مدارک، غافر، تحت الآیۃ: ۴۹-۵۰، ص۱۰۶۱، ملتقطاً)
40:50
قَالُوْۤا اَوَ لَمْ تَكُ تَاْتِیْكُمْ رُسُلُكُمْ بِالْبَیِّنٰتِؕ-قَالُوْا بَلٰىؕ-قَالُوْا فَادْعُوْاۚ-وَ مَا دُعٰٓؤُا الْكٰفِرِیْنَ اِلَّا فِیْ ضَلٰلٍ۠(۵۰)
انہوں نے کہا کیا تمہارے پاس تمہارے رسول نشانیاں نہ لاتے تھے (ف۱۰۵) بولے کیوں نہیں (ف۱۰۶) بولے تو تمہیں دعا کرو (ف۱۰۷) اور کافروں کی دعا نہیں، مگر بھٹکتے پھرنے کو،

40:51
اِنَّا لَنَنْصُرُ رُسُلَنَا وَ الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا فِی الْحَیٰوةِ الدُّنْیَا وَ یَوْمَ یَقُوْمُ الْاَشْهَادُۙ(۵۱)
بیشک ضرور ہم اپنے رسولوں کی مدد کریں گے اور ایمان والوں کی (ف۱۰۸) دنیا کی زندگی میں اور جس دن گواہ کھڑے ہوں گے (ف۱۰۹)

{اِنَّا لَنَنْصُرُ رُسُلَنَا: بیشک ضرور ہم اپنے رسولوں  کی مدد کریں  گے۔} اس سے پہلی آیات میں  جہنم کے اندر کافروں  کے باہمی جھگڑے کا ذکر ہوا اور اب یہاں  سے رسولوں  عَلَیْہِمُ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام اور ان پر ایمان لانے والوں  کا ذکر کیا جا رہا ہے کہ دنیا اور آخرت میں  ان کی مدد کی جائے گی،چنانچہ ا س آیت اور ا س کے بعد والی آیت کا خلاصہ یہ ہے کہ بیشک ضرور ہم اپنے رسولوں  عَلَیْہِمُ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام اوران پر ایمان لانے والوں  کو غلبہ عطا فرما کر ،مضبوط حجت دے کر اور ان کے دشمنوں  سے انتقام لے کر دنیا کی زندگی میں  ان کی مدد کریں  گے اور قیامت کے اس دن بھی ان کی مدد کریں  گے جس دن فرشتے رسولوں  عَلَیْہِمُ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کی تبلیغ اور کفار کی تکذیب کی گواہی دیں  گے اور اگراس دن کافر اپنے کفر کے متعلق کسی قسم کاعذرپیش کریں  گے تووہ مانا نہیں جائے گااوراگرتوبہ کریں  گے تو وہ قبول نہیں  ہوگی اوراس دن وہ اللہ عَزَّوَجَلَّ کی رحمت سے دورہوں  گے اورجہنم ان کا ٹھکانہ ہوگا۔( تفسیرکبیر، المؤمن، تحت الآیۃ: ۵۱-۵۲، ۹ / ۵۲۳-۵۲۴، خازن، حم المؤمن، تحت الآیۃ: ۵۱-۵۲، ۴ / ۷۴، بغوی، غافر، تحت الآیۃ: ۵۱-۵۲، ۴ / ۸۹، ملتقطاً)
40:52
یَوْمَ لَا یَنْفَعُ الظّٰلِمِیْنَ مَعْذِرَتُهُمْ وَ لَهُمُ اللَّعْنَةُ وَ لَهُمْ سُوْٓءُ الدَّارِ(۵۲)
جس دن ظالموں کو ان کے بہانے کچھ کام نہ دیں گے (ف۱۱۰) اور ان کے لیے لعنت ہے اور ان کے لیے بُرا گھر (ف۱۱۱)

40:53
وَ لَقَدْ اٰتَیْنَا مُوْسَى الْهُدٰى وَ اَوْرَثْنَا بَنِیْۤ اِسْرَآءِیْلَ الْكِتٰبَۙ(۵۳)
اور بیشک ہم نے موسیٰ کو رہنمائی عطا فرمائی (ف۱۱۲) اور بنی اسرائیل کو کتاب کا وارث کیا (ف۱۱۳)

{وَ لَقَدْ اٰتَیْنَا مُوْسَى الْهُدٰى: اور بیشک ہم نے موسیٰ کو رہنمائی عطا فرمائی۔} اس آیت میں  لفظ ’’ الْهُدٰى‘‘ سے مراد تورات اور حضرت موسیٰ عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کو دئیے جانے والے معجزات ہیں  جو ان کی قوم کے لئے رہنمائی اور ہدایت حاصل کرنے کا ذریعہ تھے،نیز اس سے حضرت موسیٰ عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کو عطا کئے جانے والے وہ کثیر علوم بھی مراد ہو سکتے ہیں  جو دنیا اور آخرت میں  نفع مند ہیں  اور بنی اسرائیل کو جس کتاب کا وارث بنایا گیااس سے مراد تورات ہے۔( روح البیان، المؤمن، تحت الآیۃ: ۵۳، ۸ / ۱۹۵، تفسیر کبیر، المؤمن، تحت الآیۃ: ۵۳، ۹ / ۵۲۵، خازن، حم المؤمن، تحت الآیۃ: ۵۳، ۴ / ۷۴، ملتقطاً)

{هُدًى وَّ ذِكْرٰى: ہدایت اور نصیحت کے لئے۔} یعنی یہ کتاب عقلمندوں  کے لئے ہدایت اور نصیحت ہے ۔یہاں  آیت میں  بطورِ خاص عقل مندوں  کا ذکر اس لئے کیا گیا کہ اس کتاب کی ہدایت اورنصیحت سے فائدہ یہی لوگ اٹھاتے ہیں ۔( روح المعانی، غافر، تحت الآیۃ: ۵۴، ۱۲ / ۴۵۲)
40:54
هُدًى وَّ ذِكْرٰى لِاُولِی الْاَلْبَابِ(۵۴)
عقلمندوں کی ہدایت اور نصیحت کو تو اے محبوب،

40:55
فَاصْبِرْ اِنَّ وَعْدَ اللّٰهِ حَقٌّ وَّ اسْتَغْفِرْ لِذَنْۢبِكَ وَ سَبِّحْ بِحَمْدِ رَبِّكَ بِالْعَشِیِّ وَ الْاِبْكَارِ(۵۵)
تم صبر کرو (ف۱۱۴) بیشک اللہ کا وعدہ سچا ہے (ف۱۱۵) اور اپنوں کے گناہوں کی معافی چاہو (ف۱۱۶) اور اپنے رب کی تعریف کرتے ہوئے صبح اور شام اس کی پاکی بولو (ف۱۱۷)

{فَاصْبِرْ: توتم صبر کرو۔} اس سے پہلی آیات میں  فرمایا گیا کہ اللہ تعالیٰ اپنے رسولوں  اور ان پر ایمان لانے والوں  کی مدد فرمائے گا اور اب یہاں  سے نبی کریم صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کو کفار کی طرف سے پہنچنے والی ایذاؤں  پر صبر کرنے کی تلقین کی جا رہی ہے ، چنانچہ ارشاد فرمایا کہ اے پیارے حبیب! صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ، آپ اپنی قوم کی طرف سے پہنچنے والی ایذا پر صبر کرتے رہیں ،بے شک اللہ تعالیٰ کا وعدہ سچا ہے اور اس نے جس طرح پہلے رسولوں  کی مدد فرمائی اسی طرح وہ آپ کی مدد بھی فرمائے گا، آپ کے دین کو غالب کرے گا اور آپ کے دشمنوں  کو ہلاک کرے گا نیز آپ اللہ تعالیٰ سے اپنی امت کے گناہوں  کی معافی طلب کریں  اور اللہ تعالیٰ کی عبادت کرنے پر ہمیشہ قائم رہیں ۔ حضرت عبداللہ بن عباس رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہُمَا فرماتے ہیں  کہ صبح شام اللہ تعالیٰ کی پاکی بولنے سے پانچوں  نمازیں  مراد ہیں ۔( تفسیر کبیر ، المؤمن ، تحت الآیۃ : ۵۵، ۹ / ۵۲۵ ، خازن، حم المؤمن، تحت الآیۃ: ۵۵، ۴ / ۷۴، مدارک، غافر، تحت الآیۃ: ۵۵، ص۱۰۶۲، ملتقطاً)

{وَ اسْتَغْفِرْ لِذَنْۢبِكَ: اور اپنوں  کے گناہوں  کی معافی چاہو۔} یاد رہے کہ آیت کے اس حصے میں  تاجدارِ رسالت صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ سے ہی خطاب ہونا مُتعَیّن نہیں  بلکہ ا س کا احتمال ہے اور اس صورت میں  اس کے جو معنی ہوں  گے ان میں سے ایک اوپر بیان ہو اکہ اے حبیب! صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ، آپ اپنی امت کے گناہوں  کی معافی چاہیں ۔ دوسرے معنی یہ ہوں  گے کہ اے حبیب! صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ، اگر بالفرض کوئی مَعصِیَت واقع ہو تو اس سے استغفار واجب ہے ،جیسا کہ اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان رَحْمَۃُاللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ فرماتے ہیں  :(سورہِ مومن اور سورہِ محمد کی) دونوں  آیتِ کریمہ میں  صیغۂ اَمر ہے اور امر اِنشا ہے اور اِنشا وقوع پر دال نہیں  تو حاصل اس قدر کہ بفرضِ وقوع استغفار واجب ،نہ یہ کہ مَعَاذَاللہ  واقع ہوا،جیسے کسی سے کہنا ’’اَکْرِمْ ضَیْفَکَ‘‘ اپنے مہمان کی عزت کرنا،اس سے یہ مراد نہیں  کہ اس وقت کوئی مہمان موجود ہے ،نہ یہ خبر ہے کہ خواہی نخواہی کوئی مہمان آئے گا ہی، بلکہ صرف اتنا مطلب ہے کہ اگر ایسا ہوا تو یوں  کرنا۔( فتاوی رضویہ، ۲۹ / ۴۰۰)

            اور اس آیت میں  یہ بھی احتمال ہے کہ اس میں  خطاب ہر سامع سے ہو،جیسا کہ اعلیٰ حضرت رَحْمَۃُاللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ فرماتے ہیں  :سورۂ مومن و سورۂ محمد صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَسَلَّمَ کی آیات ِکریمہ میں  کون سی دلیل قطعی ہے کہ خطاب حضورِ اَقدس صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَسَلَّمَ سے ہے، مومن میں  تو اتنا ہے ’’وَ اسْتَغْفِرْ لِذَنْۢبِكَ‘‘ اے شخص اپنی خطا کی معافی چاہ۔ کسی کا خاص نام نہیں ، کوئی دلیل تخصیصِ کلام نہیں ،قرآنِ عظیم تمام جہاں  کی ہدایت کے لیے اترا نہ صرف اس وقت کے موجودین (کی ہدایت کے لئے) بلکہ قیامت تک کے آنے والوں  سے وہ خطاب فرماتا ہے ’’ اَقِیْمُوا الصَّلٰوةَ ‘‘ نماز برپا رکھو۔ یہ خطاب جیسا صحابۂ کرام رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہُمْ سے تھا ویسا ہی ہم سے بھی ہے اور تا قیامِ قیامت ہمارے بعد آنے والی نسلوں  سے بھی۔۔۔ یونہی دونوں  سورہِ کریمہ میں  کافِ خطاب ہر سامع کے لیے ہے کہ اے سننے والے اپنے اور اپنے سب مسلمان بھائیوں  کے گناہ کی معافی مانگ۔( فتاوی رضویہ، ۲۹ / ۳۹۸-۳۹۹)

            نوٹ:اس مسئلے سے متعلق تفصیلی معلومات حاصل کرنے لئے فتاویٰ رضویہ ،جلد 29،صفحہ394تا401کا مطالعہ فرمائیں ۔

 

40:56
اِنَّ الَّذِیْنَ یُجَادِلُوْنَ فِیْۤ اٰیٰتِ اللّٰهِ بِغَیْرِ سُلْطٰنٍ اَتٰىهُمْۙ-اِنْ فِیْ صُدُوْرِهِمْ اِلَّا كِبْرٌ مَّا هُمْ بِبَالِغِیْهِۚ-فَاسْتَعِذْ بِاللّٰهِؕ-اِنَّهٗ هُوَ السَّمِیْعُ الْبَصِیْرُ(۵۶)
وہ جو اللہ کی آیتوں میں جھگڑا کرتے ہیں بغیر کسی سند کے جو انہیں ملی ہو (ف۱۱۸) ان کے دلوں میں نہیں مگر ایک بڑائی کی ہوس (ف۱۱۹) جسے نہ پہنچیں گے (ف۱۲۰) تو تم اللہ کی پناہ مانگو (ف۱۲۱) بیشک وہی سنتا دیکھتا ہے،

{اِنَّ الَّذِیْنَ یُجَادِلُوْنَ فِیْۤ اٰیٰتِ اللّٰهِ: بیشک وہ جو اللہ کی آیتوں  میں  جھگڑا کرتے ہیں ۔} اس آیت میں  جھگڑا کرنے والوں  سے مراد کفارِ قریش ہیں  ،یہ لوگ تکبر کیا کرتے تھے اور ان کا یہی تکبر ان کے تکذیب و انکار اور کفر کو اختیار کرنے کاسبب بناکیونکہ انہوں  نے یہ گوارا نہ کیا کہ کوئی ان سے اونچا ہو، اور یہ فاسد خیال کیا کہ اگر حضورِ اَقدس صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کو نبی مان لیں  گے تو ہماری اپنی بڑائی جاتی رہے گی،ہمیں  امتی اور چھوٹا بننا پڑے گا حالانکہ ہمیں  تو بڑا بننے کی ہوس ہے ،اس لئے انہوں  نے سیّد المرسَلین صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ سے دشمنی کی۔ اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے :یہ لوگ جس چیز کی ہوس رکھتے ہیں  اسے نہ پا سکیں  گے اور انہیں بڑائی مُیَسَّر نہ آئے گی، بلکہ حضور ِاَکرم صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی مخالفت اور انکار، ان لوگوں کے حق میں  ذلت اور رسوائی کا سبب ہو گا، تو اے پیارے حبیب! صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ، آپ حاسدوں  کے مکر اور ان کی سازشوں  سے اللہ تعالیٰ کی پناہ مانگیں ، کیونکہ یقینا وہی ان کے اَقوال کو سنتا اور ان کے اَحوال کو دیکھتا ہے تو وہی ان کے خلاف آپ کی مدد کرے گا اور ان کے شر سے آپ کو بچائے گا۔( تفسیر کبیر، المؤمن، تحت الآیۃ: ۵۶، ۹ / ۵۲۶، جلالین، غافر، تحت الآیۃ: ۵۶، ص۳۹۴، مدارک، غافر، تحت الآیۃ: ۵۶، ص۱۰۶۲، ملتقطاً)

            ضد بازی اور جھگڑنے کی عادت آدمی کے حق قبول کرنے کی راہ میں  رکاوٹ بن جاتی ہے۔ جن لوگوں  کی یہ عادت ہوتی ہے کہ ہر معاملے میں  اپنی ہی رائے کو حرف ِ آخر سمجھتے ہیں  اور اس کے برخلاف کوئی رائے قبول کرنا گوارا نہیں  کرتے اور بہرصورت دوسرے کو نیچا ہی دکھانے کی کوشش کرتے ہیں  وہ حق قبول کرنے سے بہت دور ہوتے ہیں ۔
40:57
لَخَلْقُ السَّمٰوٰتِ وَ الْاَرْضِ اَكْبَرُ مِنْ خَلْقِ النَّاسِ وَ لٰكِنَّ اَكْثَرَ النَّاسِ لَا یَعْلَمُوْنَ(۵۷)
بیشک آسمانوں اور زمین کی پیدائش آدمیوں کی پیدائش سے بہت بڑی (ف۱۲۲) لیکن بہت لوگ نہیں جانتے (ف۱۲۳)

{لَخَلْقُ السَّمٰوٰتِ وَ الْاَرْضِ: بیشک آسمانوں  اور زمین کی پیدائش۔} یہ آیت ان لوگوں  کے رد میں  نازل ہوئی جو مرنے کے بعد دوبارہ زندہ کئے جانے کا انکار کرتے تھے،اس میں  ان پر حجت قائم کی گئی کہ جب تم آسمان و زمین کی اس عظمت اور بڑائی کے باوجود انہیں  پیدا کرنے پر اللہ تعالیٰ کو قادر مانتے ہو تو پھر انسان کو دوبارہ پیدا کردینا اس کی قدرت سے کیوں  بعید سمجھتے ہو۔( مدارک، غافر، تحت الآیۃ: ۵۷، ص۱۰۶۳، خازن، حم المؤمن، تحت الآیۃ: ۵۷، ۴ / ۷۵، ملتقطاً)

{وَ لٰكِنَّ اَكْثَرَ النَّاسِ لَا یَعْلَمُوْنَ: لیکن بہت لوگ نہیں  جانتے۔} یہاں بہت لوگوں  سے مراد کفار ہیں  اور ان کی طرف سے دوبارہ زندہ کئے جانے کا انکارکرنے کا سبب ان کی بے علمی ہے کہ وہ یہ تو مانتے ہیں  کہ اللہ تعالیٰ آسمان و زمین کی پیدائش پر قادر ہے لیکن اس سے یہ نہیں  سمجھتے کہ ایسی قادرذات لوگوں  کو دوبارہ زندہ کرنے پر بھی قادر ہے تو یہ لوگ اندھوں  کی مثل ہیں  جبکہ ان کے مقابل وہ لوگ جو مخلوقات کے وجود سے خالق کی قدرت پر اِستدلال کرتے ہیں  وہ آنکھ والے کی مثل ہیں  ۔( خازن، حم المؤمن، تحت الآیۃ: ۵۷، ۴ / ۷۵، جلالین، غافر، تحت الآیۃ: ۵۷، ص۳۹۵، ملتقطاً)

{ وَ مَا یَسْتَوِی الْاَعْمٰى وَ الْبَصِیْرُ: اور اندھا اور دیکھنے والا برابر نہیں ۔} یعنی جاہل اور عالِم یکساں  نہیں  ،یونہی نیک مومن اور بد کار،یہ دونوں  بھی برابر نہیں  یہ سب جاننے کے باوجود تم کتنی کم ہدایت اور نصیحت حاصل کرتے ہو۔

{اِنَّ السَّاعَةَ لَاٰتِیَةٌ: بیشک قیامت ضرور آنے والی ہے۔} ارشاد فرمایا کہ بیشک قیامت ضرور آنے والی ہے اور اس کے شواہد اتنے واضح ہیں  جن کی وجہ سے قیامت آنے میں  کچھ شک نہیں  رہتا لیکن اکثر لوگ (دلائل میں  غور وفکر نہ کرنے کی وجہ سے) اس پر ایمان نہیں  لاتے اور نہ ہی اس کی تصدیق کرتے ہیں ۔( روح البیان، المؤمن، تحت الآیۃ: ۵۹، ۸ / ۱۹۹-۲۰۰، مدارک، غافر، تحت الآیۃ: ۵۹، ص۱۰۶۳، ملتقطاً)

 

40:58
وَ مَا یَسْتَوِی الْاَعْمٰى وَ الْبَصِیْرُ ﳔ وَ الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا وَ عَمِلُوا الصّٰلِحٰتِ وَ لَا الْمُسِیْٓءُؕ-قَلِیْلًا مَّا تَتَذَكَّرُوْنَ(۵۸)
اور اندھا اور انکھیارا برابر نہیں (ف۱۲۴) اور نہ وہ جو ایمان لائے اور اچھے کام کیے اور بدکار (ف۱۲۵) کتنا کم دھیان کرتے ہو،

40:59
اِنَّ السَّاعَةَ لَاٰتِیَةٌ لَّا رَیْبَ فِیْهَا وَ لٰكِنَّ اَكْثَرَ النَّاسِ لَا یُؤْمِنُوْنَ(۵۹)
بیشک قیامت ضرور آنے والی ہے اس میں کچھ شک نہیں لیکن بہت لوگ ایمان نہیں لاتے (ف۱۲۶)

40:60
وَ قَالَ رَبُّكُمُ ادْعُوْنِیْۤ اَسْتَجِبْ لَكُمْؕ-اِنَّ الَّذِیْنَ یَسْتَكْبِرُوْنَ عَنْ عِبَادَتِیْ سَیَدْخُلُوْنَ جَهَنَّمَ دٰخِرِیْنَ۠(۶۰)
اور تمہارے رب نے فرمایا مجھ سے دعا کرو میں قبول کروں گا (ف۱۲۷) بیشک وہ جو میری عبادت سے اونچے کھینچتے (تکبر کرتے) ہیں عنقریب جہنم میں جائیں گے ذلیل ہوکر،

{ وَ قَالَ رَبُّكُمُ ادْعُوْنِیْۤ اَسْتَجِبْ لَكُمْ: اور تمہارے رب نے فرمایا مجھ سے دعا کرو میں  تمہاری دعا قبول کروں  گا۔} امام فخر الدین رازی رَحْمَۃُاللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ فرماتے ہیں  :یہ بات ضروری طور پر معلوم ہے کہ قیامت کے دن انسان کو اللہ تعالیٰ کی عبادت سے ہی نفع پہنچے گا اس لئے اللہ تعالیٰ کی عبادت میں  مشغول ہونا انتہائی اہم کام ہے اور چونکہ عبادات کی اَقسام میں  دعا ایک بہترین قِسم ہے ا س لئے یہاں  بندوں  کو دعا مانگنے کا حکم ارشاد فرمایا گیا۔( تفسیرکبیر، المؤمن، تحت الآیۃ: ۶۰، ۹ / ۵۲۷)

            اس آیت میں  لفظ ’’اُدْعُوْنِیْۤ ‘‘ کے بارے میں  مفسرین کا ایک قول یہ ہے کہ اس سے مراد دعا کرنا ہے۔اس صورت میں  آیت کے معنی ہوں  گے کہ اے لوگو! تم مجھ سے دعا کرو میں  اسے قبول کروں  گا۔ اور ایک قول یہ ہے کہ اس سے مراد’’ عبادت کرنا ‘‘ ہے ،اس صورت میں  آیت کے معنی یہ ہوں  گے کہ تم میری عبادت کرومیں  تمہیں  ثواب دوں  گا۔(تفسیرکبیر، المؤمن، تحت الآیۃ: ۶۰، ۹ / ۵۲۷، جلالین، غافر، تحت الآیۃ: ۶۰، ص۳۹۵، مدارک، غافر، تحت الآیۃ: ۶۰، ص۱۰۶۳، ملتقطاً)

دعا مانگنے کی ترغیب اور ا س کے فضائل:

            اس آیت سے معلوم ہوا کہ اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں  دعا مانگنی چاہئے ،کثیر اَحادیث میں  بھی دعا مانگنے کی ترغیب دی گئی ہے،یہاں  ان میں  سے دو اَحادیث ملاحظہ ہوں :

(1)…حضرت عبداللہ بن عمر رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہُمَا سے روایت ہے،حضورِ اَقدس صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا’’دعا ان مصیبتوں  میں  نفع دیتی ہے جو نازل ہو گئیں  اور جو ابھی نازل نہیں  ہوئیں  ان میں  بھی فائدہ دیتی ہے ،تو اے لوگو! تم پر لازم ہے کہ اللہ تعالیٰ سے دعا کرو۔( مستدرک، کتاب الدعاء والتہلیل۔۔۔ الخ، الدعاء ینفع ممّا نزل وممّا لم ینزل، ۲ / ۱۶۳، الحدیث: ۱۸۵۸)

(2)… حضرت ابو ہریرہ رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہُ سے روایت ہے،رسولِ کریم صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا: ’’جو آدمی اللہ تعالیٰ سے سوال نہ کرے تو اللہ تعالیٰ اس پر غضب فرماتا ہے۔( ترمذی، کتاب الدعوات، ۲-باب منہ، ۵ / ۲۴۴، الحدیث: ۳۳۸۴)

            نیز دعا کی مزید ترغیب پانے کے لئے یہاں  دعا مانگنے کے15فضائل ملاحظہ ہوں ،

(1)…اللہ تعالیٰ کے نزدیک کوئی چیزدعا سے بزرگ تر نہیں ۔( ترمذی، کتاب الدعوات، باب ما جاء فی فضل الدعائ، ۵ / ۲۴۳، الحدیث: ۳۳۸۱)

(2)…دعا مسلمانوں  کا ہتھیار ، دین کا ستون اور آسمان وزمین کا نورہے۔(مستدرک، کتاب الدعاء والتہلیل۔۔۔ الخ، الدعاء سلاح المؤمن وعماد الدین، ۲ / ۱۶۲، الحدیث: ۱۸۵۵)

(3)…دعا مصیبت وبلا کو اترنے نہیں  دیتی۔(مستدرک، کتاب الدعاء والتہلیل۔۔۔ الخ، الدعاء ینفع ممّا نزل وممّا لم ینزل، ۲ / ۱۶۲، الحدیث: ۱۸۵۶)

(4)…دن رات اللہ تعالیٰ سے دعا مانگنا دشمن سے نجات اور رزق وسیع ہونے کا ذریعہ ہے ۔(مسند ابی یعلی، مسند جابر بن عبد اللّٰہ رضی اللّٰہ عنہ، ۲ / ۲۰۱، الحدیث: ۱۸۰۶)

(5)…دعا کرنے سے گناہ معاف ہوتے ہیں ۔(ترمذی، کتاب الدعوات، باب فی فضل التوبۃ والاستغفار۔۔۔ الخ، ۵ / ۳۱۸، الحدیث: ۳۵۵۱)

(6)…اللہ تعالیٰ (اپنے علم و قدرت سے) دعا کرنے والے کے ساتھ ہوتا ہے۔(مسلم، کتاب الذکر والدعاء۔۔۔ الخ، باب فضل الذکر والدعاء۔۔۔ الخ، ص۱۴۴۲، الحدیث: ۱۹(۲۶۷۵))

(7)…جو بلا اتر چکی اور جو نہیں  اتری ،دعا ان سے نفع دیتی ہے۔(ترمذی، کتاب الدعوات، باب فی دعاء النبی صلی اللّٰہ علیہ وسلم، ۵ / ۳۲۱، الحدیث: ۳۵۵۹)

(8)…دعا عبادت کا مغز ہے۔(ترمذی، کتاب الدعوات، باب ما جاء فی فضل الدعاء، ۵ / ۲۴۳، الحدیث: ۳۳۸۲)

(9)…دعا رحمت کی چابی ہے۔( مسند الفردوس، باب الدال، ذکر الفصول من ذوات الالف واللام، ۲ / ۲۲۴، الحدیث: ۳۰۸۶)

(10)…دعا قضا کو ٹال دیتی ہے۔(مستدرک، کتاب معرفۃ الصحابۃ رضی اللّٰہ تعالی عنہم، البرّ یزید فی الرزق، ۴ / ۶۰۸، الحدیث: ۶۰۹۲)

(11)…دعا اللہ تعالیٰ کے لشکروں  میں  سے ایک لشکر ہے۔( ابن عساکر، ذکر من اسمہ: سلم، سلم بن یحی بن عبد الحمید۔۔۔ الخ، ۲۲ / ۱۵۸)

(12)… دعا بلا کو ٹال دیتی ہے۔( کنزالعمال، کتاب الاذکار، قسم الاقوال، الباب الثامن، الفصل الاوّل، ۱ / ۲۸، الجزء الثانی، الحدیث: ۳۱۱۸)

(13)…جسے دعا کرنے کی توفیق دی گئی اس کے لئے رحمت کے دروازے کھول دئیے گئے۔( ترمذی، کتاب الدعوات، باب فی دعاء  النبیّ صلی اللّٰہ علیہ وسلم، ۵ / ۳۲۱، الحدیث: ۳۵۵۹)

(14)…جب بندہ دعا کرتا ہے تو اللہ تعالیٰ لَبَّیْکَ عَبْدِیْ فرماتا ہے۔( مسند الفردوس، باب الالف، ۱ / ۲۸۶، الحدیث: ۱۱۲۲)

(15) … دعا اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں  قدر و منزلت حاصل ہونے کا ذریعہ ہے۔( مسند امام احمد، مسند ابی ہریرۃ رضی اللّٰہ عنہ، ۳ / ۲۸۸، الحدیث: ۸۷۵۶)

            اللہ تعالیٰ ہمیں  کثرت سے دعا مانگنے کی توفیق عطا فرمائے،اٰمین۔

دعا قبول ہونے کی شرائط:

            اس مقام پر مفسرین نے دعا قبول ہونے کی چندشرائط ذکر فرمائی ہیں  ،ان کا خلاصہ درج ذیل ہے،

(1)…دعا مانگنے میں  اخلاص ہو۔

(2)… دعا مانگتے وقت دل دعاکے علاوہ کسی اور چیزکی طرف مشغول نہ ہو۔

(3) … جو دعا مانگی وہ کسی ایسی چیز پر مشتمل نہ ہو جو شرعی طور پر ممنوع ہو۔

(4)… دعا مانگنے والا اللہ تعالیٰ کی رحمت پر یقین رکھتا ہو۔

(5)…اگر دعا کی قبولیت ظاہر نہ ہو تووہ شکایت نہ کرے کہ میں  نے دعا مانگی لیکن وہ قبول نہ ہوئی۔(خزائن العرفان، المؤمن، تحت الآیۃ: ۶۰، ص۸۷۳، ملخصاً)

            جب ان شرطوں  کو پورا کرتے ہوئے دعا کی جاتی ہے تو وہ قبول ہوتی ہے اور یاد رہے کہ جو دعا تمام شرائط و آداب کی جامع ہو تو اس کے قبول ہونے کے لئے یہ ضروری نہیں  ہے کہ جو مانگا وہ مل جائے بلکہ اس کی قبولیت کی اور صورتیں  بھی ہو سکتی ہیں  مثلاً اُ س دعاکے مطابق گناہ معاف کر دئیے جائیں  یا آخرت میں  اس کے لئے ثواب ذخیرہ کر دیا جائے ،چنانچہ حضرت ابو ہریرہ رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہُ سے روایت ہے،تاجدار ِرسالت صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا’’ بندہ اپنے رب سے جو بھی دعا مانگتا ہے ا س کی دعا قبول ہوتی ہے، (اور اس کی صورت یہ ہوتی ہے کہ) یا تو اس کی مانگی ہوئی مراد دنیا ہی میں  اس کو جلد دیدی جاتی ہے ،یا آخرت میں  اس کے لئے ذخیرہ ہوتی ہے یا دعا کے مطابق اس کے گناہوں  کا کفارہ کردیا جاتا ہے اور اس میں  شرط یہ ہے کہ وہ دعا گناہ یا رشتہ داری توڑنے کے بارے میں  نہ ہو اور (اس کی قبولیت میں) جلدی نہ مچائے ۔صحابہ ٔکرام رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہُمْ نے عرض کی:وہ جلدی کیسے مچائے گا ؟ارشاد فرمایا: ’’اس کا یہ کہنا کہ میں  نے دعا مانگی لیکن قبول ہی نہ ہوئی (یہ کہنا ہی جلدی مچانا ہے)۔( ترمذی، احادیث شتّی، ۱۳۵-باب، ۵ / ۳۴۷، الحدیث: ۳۶۱۸)

دعا قبول نہ ہونے کے اَسباب:

             اللہ تعالیٰ نے دعا کی قبولیت کا وعدہ فرمایا ہے اور وہ اپنی رحمت سے بندوں  کی دعائیں  قبول فرماتا ہے لیکن ہم دیکھتے ہیں  کہ بعض اوقات ہماری مانگی ہوئی دعائیں  قبول نہیں  ہوتیں  ،اس کے کچھ اَسباب ہوتے ہیں  جنہیں  بیان کرتے ہوئے حضرت علامہ نقی علی خان رَحْمَۃُاللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ فرماتے ہیں  :

            اے عزیز!اگر دعا قبول نہ ہو تو (تجھے چاہئے کہ) اسے اپنا قصور سمجھے ،خدائے تعالیٰ کی شکایت نہ کرے (کیوں ) کہ اس کی عطا میں  نقصان (یعنی کوئی کمی) نہیں ، تیری دعا میں  نقصان (یعنی کمی) ہے۔ اے عزیز!دعا چند سبب سے رد ہوتی ہے:

            پہلا سبب:کسی شرط یا ادب کا فوت ہونا اور یہ تیرا قصور ہے ،اپنی خطا پر نادم نہ ہونا اور خدا کی شکایت کرنا نِری بے حیائی ہے ۔

            دوسرا سبب: گناہوں سے تَلَوُّث (یعنی گناہوں  میں  مبتلا رہنا)۔

            تیسرا سبب:اِسْتِغنائے مولیٰ۔وہ حاکم ہے محکوم نہیں ،غالب ہے مغلوب نہیں  ،مالک ہے تابع نہیں  ،اگر (اس نے) تیری دعا قبول نہ فرمائی (تو) تجھے ناخوشی اور غصے، شکایت اور شکوے کی مجال کب ہے ،جب خاصوں  کے ساتھ یہ معاملہ ہے کہ جب چاہتے ہیں  عطا کرتے ہیں  ،جب چاہتے منع فرماتے ہیں  تو تُو کس شمار میں  ہے کہ اپنی مراد (ملنے ہی) پر اِصرار کرتا ہے ۔

            چوتھا سبب:حکمت ِ الٰہی ہے کہ کبھی تو براہِ نادانی کوئی چیز اس سے طلب کرتا ہے اور وہ براہِ مہربانی تیری دعا کو اس سبب سے کہ تیرے حق میں  مُضِر (یعنی نقصان دِہ) ہے، رد فرماتا ہے (اور اسے قبول نہیں  فرماتا)، مثلاً:تو جویائے سِیم و زَر (یعنی مال و دولت کا طلبگار) ہے اور اس میں  تیرے ایمان کا خطر (یعنی ایمان ضائع ہوجانے کا ڈر) ہے یا تو خواہانِ تندرستی وعافیت (یعنی ان چیزوں  کا سوال کرتا) ہے اور وہ علمِ خدا میں  مُوجبِ نقصانِ عاقبت (یعنی اللہ تعالیٰ جانتا ہے کہ یہ تیرے اُخروی نقصان کا باعث) ہے، ایسا رد ،قبول سے بہتر (یعنی ایسی دعا کو قبول کئے جانے کی بجائے رد کر دیناہی بہتر ہے)۔

             پانچواں  سبب:کبھی دعا کے بدلے ثوابِ آخرت دینا منظور ہوتا ہے، تو حُطامِ دنیا (یعنی دنیا کاساز وسامان) طلب کرتا ہے اور پروردگار نفائسِ آخرت (یعنی آخرت کی عمدہ اور نفیس چیزیں ) تیرے لیے ذخیرہ فرماتا ہے، یہ جائے شکر (یعنی شکر کا مقام) ہے نہ (کہ) مقامِ شکایت۔( فضائل دعا، فصل ششم، ص۱۵۳-۱۵۹، ملتقطاً)

            نوٹ: دعا کے فضائل و آداب اور اس سے متعلق دیگر چیزوں  کی معلومات حاصل کرنے کے لئے اعلیٰ حضرت امامِ اہلسنت شاہ امام احمد رضاخان رَحْمَۃُاللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ کے والدماجد حضرت علامہ مولانا نقی علی خان رَحْمَۃُاللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ کی شاندار تصنیف ’’اََحْسَنُ الْوِعَاء لِآدَابِ الدُّعَاء‘‘(یہ کتاب تسہیل وتخریج کے ساتھ مکتبۃ المدینہ سے بھی بنام ’’فضائل دعا‘‘ شائع ہوچکی ہے) اورراقم کی کتاب ’’فیضانِ دعا‘‘ کا مطالعہ فرمائیں ۔

{اِنَّ الَّذِیْنَ یَسْتَكْبِرُوْنَ عَنْ عِبَادَتِیْ: بیشک وہ جو میری عبادت سے تکبر کرتے ہیں ۔} یاد رہے کہ جن آیات و اَحادیث میں  دعاترک کرنے پر جہنم میں  داخلے یا غضبِ الٰہی وغیرہ کی وعیدیں  آئی ہیں ، ان میں  وہ لوگ مراد ہیں  جو مُطْلَقاً دعا کو ترک کر دیتے ہیں  (یعنی کچھ بھی ہوجائے، ہم نے دعا نہیں  کرنی) یا مَعَاذَاللہ اپنے آپ کو اللہ تعالیٰ کی بارگاہ سے بے نیاز سمجھ کر دعا ترک کردیتے ہیں  ، اور اسی وجہ سے اس کے حضور گریہ و زاری کرنے سے کتراتے اور پرہیز کرتے ہیں  اور یہ صورت صریح کفر اور اللہ تعالیٰ کے دائمی غضب کا باعث ہے، جیسا کہ اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان رَحْمَۃُاللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ فرماتے ہیں  : اَحادیثِ سابقہ (جو کہ دوسری فصل، ادب نمبر30 کے تحت ذکر ہوئیں ) جن میں  ارشاد ہوا کہ ’’جو دعا نہ کرے اللہ تعالیٰ اس پر غضب فرمائے‘‘، ترکِ مُطْلَق ہی پر محمول یا مَعَاذَاللہ، اپنے کو بارگاہِ عزت عَزَّوَجَلَّ سے بے نیاز جاننا، اس کے حضور تَضَرُّع و زاری سے پر ہیز رکھنا کہ اب صریح کفر ومُوجبِ غضبِ اَبدی ہے، ولہٰذا ’’اُدْعُوْنِیْۤ اَسْتَجِبْ لَكُمْ‘‘ (مجھ سے دعا کرو میں  قبول کروں  گا) کے مُتَّصل ہی ارشاد ہوا ’’اِنَّ الَّذِیْنَ یَسْتَكْبِرُوْنَ عَنْ عِبَادَتِیْ سَیَدْخُلُوْنَ جَهَنَّمَ دٰخِرِیْنَ‘‘(بیشک وہ جو میری عبادت سے تکبر کرتے ہیں  عنقریب ذلیل ہو کرجہنم میں  جائیں  گے۔)( فضائل دعا، فصل دہم، ص۲۳۹)

            اللہ تعالیٰ ہمیں  کثرت سے دعا مانگنے کی توفیق عطا فرمائے اور دعا مانگنے میں  تکبر کرنے سے ہماری حفاظت فرمائے،اٰمین۔

40:61
اَللّٰهُ الَّذِیْ جَعَلَ لَكُمُ الَّیْلَ لِتَسْكُنُوْا فِیْهِ وَ النَّهَارَ مُبْصِرًاؕ-اِنَّ اللّٰهَ لَذُوْ فَضْلٍ عَلَى النَّاسِ وَ لٰكِنَّ اَكْثَرَ النَّاسِ لَا یَشْكُرُوْنَ(۶۱)
اللہ ہے جس نے تمہارے لیے رات بنائی کہ اس میں آرام پاؤ اور دن بنایا آنکھیں کھولتا (ف۱۲۸) بیشک اللہ لوگوں پر فضل والا ہے لیکن بہت آدمی شکر نہیں کرتے،

{اَللّٰهُ الَّذِیْ جَعَلَ لَكُمُ الَّیْلَ لِتَسْكُنُوْا فِیْهِ: اللہ ہی ہے جس نے تمہارے لیے رات بنائی کہ اس میں  آرام پاؤ۔} اس سے پہلی آیت میں  دعا مانگنے کا حکم ارشاد فرمایاگیا اور دعا میں  مشغول ہونے کے لئے اللہ تعالیٰ کی معرفت ہونا ضروری ہے ، اس لئے یہاں  ایک قادر معبود کے موجود ہونے پر دلیل بیان فرمائی گئی ہے ، چنانچہ اس آیت کا خلاصہ یہ ہے کہ اللہ وہی ہے جس نے تمہارے فائدے کے لیے رات بنائی تاکہ تم اس میں  آرام اور سکون پاؤ ،کیونکہ رات میں  ٹھنڈک اور نمی ہوتی ہے جس کی وجہ سے انسان کی حرکت کرنے والی قوتیں  رات میں  قدرے ساکن ہو جاتی ہیں  ،نیز رات میں  اندھیرا ہوتا ہے جس کی بنا پر انسان کے حواس بھی پوری طرح کام کرنے سے رک جاتے ہیں  اور یوں  انسان کے اَعصاب اور حواس کو آرام کرنے کا موقع مل جاتا ہے اور اللہ تعالیٰ نے تمہارے نفع کے لئے دن کو روشن بنایاتاکہ تم اس کی روشنی میں  اپنے ضروری کام اطمینان کے ساتھ انجام دے سکو ،بیشک رات اور دن کو پیدا کرکے اللہ تعالیٰ لوگوں  پر فضل فرمانے والا ہے لیکن بہت سے آدمی اس کا شکر ادا نہیں  کرتے۔( تفسیر کبیر، المؤمن، تحت الآیۃ: ۶۱، ۹ / ۵۲۸، روح البیان، المؤمن، تحت الآیۃ: ۶۱، ۸ / ۲۰۳، ملتقطاً)
40:62
ذٰلِكُمُ اللّٰهُ رَبُّكُمْ خَالِقُ كُلِّ شَیْءٍۘ-لَاۤ اِلٰهَ اِلَّا هُوَۚ-٘ فَاَنّٰى تُؤْفَكُوْنَ(۶۲)
وہ ہے اللہ تمہارا رب ہر چیز کا بنانے والا اس کے سوا کسی کی بندگی نہیں تو کہاں اوندھے جاتے ہو (ف۱۲۹)

{ذٰلِكُمُ اللّٰهُ رَبُّكُمْ: وہی اللہ ہے تمہارا رب۔} یعنی جس نے تمہارے فائدے کے لئے رات اور دن جیسی عظیم چیزوں  کو پیدا کیا وہ اللہ ہی تمہارا رب ہے اور وہی معبودہے، تمہارا رب ہے اور تمام اَشیا ء کا خالق ہے اور ان اَوصاف میں  اس کا کوئی شریک نہیں  ،تو اے کافرو! تم کہاں  اوندھے جارہے ہوکہ اس کو چھوڑ کر بتوں  کی عبادت کرتے ہو اور اس پر ایمان نہیں  لاتے حالانکہ اس کے معبود ہونے پر قطعی دلائل قائم ہیں ۔( مدارک، غافر، تحت الآیۃ: ۶۲، ص۱۰۶۴، خازن، حم المؤمن، تحت الآیۃ: ۶۲، ۴ / ۷۷، جلالین، غافر، تحت الآیۃ: ۶۲، ص۳۹۵، ملتقطاً)
40:63
كَذٰلِكَ یُؤْفَكُ الَّذِیْنَ كَانُوْا بِاٰیٰتِ اللّٰهِ یَجْحَدُوْنَ(۶۳)
یونہی اوندھے ہوتے ہیں (ف۱۳۰) وہ جو اللہ کی آیتوں کا انکار کرتے ہیں (ف۱۳۱)

{كَذٰلِكَ یُؤْفَكُ: یونہی اوندھے ہوتے ہیں ۔} یعنی اے حبیب! صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ، جس طرح کفارِ قریش حق سے پھر گئے اسی طرح وہ لوگ اوندھے ہوتے اورد لائل قائم ہونے کے باوجود حق سے پھرجاتے ہیں  جو اللہ تعالیٰ کی وحدانیّت اور قدرت پر دلالت کرنے والی نشانیوں  اور ا س کے رسول کے معجزات کا انکار کرتے ہیں  اور ان میں  غورو فکر کر کے حق کو طلب نہیں  کرتے (لہٰذ ا اے حبیب! صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ، آپ ان کافروں  کے جھٹلانے سے غمزدہ اور افسردہ نہ ہوں )۔( روح البیان، المؤمن، تحت الآیۃ: ۶۳، ۸ / ۲۰۴، مدارک، غافر، تحت الآیۃ: ۶۳، ص۱۰۶۴، ملتقطاً)

 

40:64
اَللّٰهُ الَّذِیْ جَعَلَ لَكُمُ الْاَرْضَ قَرَارًا وَّ السَّمَآءَ بِنَآءً وَّ صَوَّرَكُمْ فَاَحْسَنَ صُوَرَكُمْ وَ رَزَقَكُمْ مِّنَ الطَّیِّبٰتِؕ-ذٰلِكُمُ اللّٰهُ رَبُّكُمْ ۚۖ-فَتَبٰرَكَ اللّٰهُ رَبُّ الْعٰلَمِیْنَ(۶۴)
اللہ ہے جس نے تمہارے لیے زمین ٹھہراؤ بنائی (ف۱۳۲) اور آسمان چھت (ف۱۳۳) اور تمہاری تصویر کی تو تمہاری صورتیں اچھی بنائیں (ف۱۳۴) اور تمہیں ستھری چیزیں (ف۱۳۵) روزی دیں یہ ہے اللہ تمہارا رب، تو بڑی برکت والا ہے اللہ رب سارے جہان کا،

{اَللّٰهُ الَّذِیْ جَعَلَ لَكُمُ الْاَرْضَ قَرَارًا: اللہ ہی ہے جس نے تمہارے لیے زمین کوٹھہرنے کی جگہ بنایا۔} یہاں  سے اللہ تعالیٰ کے موجود ہونے اور اس کی قدرت کے مزید دلائل بیان فرمائے گئے ہیں ،چنانچہ ا س آیت کا خلاصہ یہ ہے کہ اے لوگو! اللہ  وہی ہے جس نے تمہاری مَصلحت اور ضروریات کے لیے زمین کو ایسا بنایا جس پر ٹھہرنا ممکن ہو اور اس نے آسمان کو گنبد کی طرح بلند فرما کراسے تمہارے اوپر مضبوط چھت بنایا تاکہ تمہیں  ایک مستقل چھت مُیَسَّر ہو اوراس نے تمہاری صورتیں  بنائیں  تو بہت اچھی صورتیں بنائیں کہ تمہیں  جانوروں  کی طرح اوندھا چلنے والا نہیں  بنایا بلکہ تمہیں  سیدھے قد والا، خوبصورت اور مُتَناسِب اَعضاء والا بنایااوراس نے تمہیں  کھانے پینے کی ستھری اور لذیذچیزیں  روزی کے طور پر دیں  اور جس کی یہ عظیم قدرت اور شان ہے وہ اللہ ہی تمہارا رب ہے اور وہی تمہاری عبادت کا حق دار ہے، تو وہ اللہ بڑی برکت والا ہے جو سارے جہان کا رب ہے اور رب ہونے میں  اس کا کوئی شریک نہیں ۔( تفسیرکبیر، المؤمن، تحت الآیۃ: ۶۴، ۹ / ۵۳۰، روح البیان، المؤمن، تحت الآیۃ: ۶۴، ۸ / ۲۰۵-۲۰۶، ملتقطاً)
40:65
هُوَ الْحَیُّ لَاۤ اِلٰهَ اِلَّا هُوَ فَادْعُوْهُ مُخْلِصِیْنَ لَهُ الدِّیْنَؕ-اَلْحَمْدُ لِلّٰهِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَ(۶۵)
وہی زندہ ہے (ف۱۳۶) اس کے سوا کسی کی بندگی نہیں تو اسے پوجو نرے اسی کے بندے ہوکر، سب خوبیاں اللہ کو جو سارے جہاں کا رب،

{هُوَ الْحَیُّ: وہی زندہ ہے۔} یعنی اللہ تعالیٰ کی شان یہ ہے کہ وہی ذاتی طور پر زندہ ہے جبکہ اسے موت آ نا اور اس کا فنا ہو جانا محال ہے اور ذات ،صفات اور اَفعال میں  چونکہ ا س کا کوئی مقابل نہیں  اِ س لئے اللہ تعالیٰ کے علاوہ اور کوئی معبود ہی نہیں  ،لہٰذا اے لوگو!تم اخلاص کے ساتھ صرف اسی کی عبادت کرو اور یوں  کہو کہ تمام تعریفیں  اس اللہ تعالیٰ کے لئے ہیں  جو سارے جہاں  کا رب ہے۔( تفسیرکبیر، المؤمن، تحت الآیۃ: ۶۵، ۹ / ۵۳۰، روح البیان، المؤمن، تحت الآیۃ: ۶۵، ۸ / ۲۰۶، ملتقطاً)
40:66
قُلْ اِنِّیْ نُهِیْتُ اَنْ اَعْبُدَ الَّذِیْنَ تَدْعُوْنَ مِنْ دُوْنِ اللّٰهِ لَمَّا جَآءَنِیَ الْبَیِّنٰتُ مِنْ رَّبِّیْ٘-وَ اُمِرْتُ اَنْ اُسْلِمَ لِرَبِّ الْعٰلَمِیْنَ(۶۶)
تم فرماؤ میں منع کیا گیا ہوں کہ انہیں پوجوں جنہیں تم اللہ کے سوا پوجتے ہو (ف۱۳۷) جبکہ میرے پاس روشن دلیلیں (ف۱۳۸) میرے رب کی طرف سے آئیں اور مجھے حکم ہوا ہے کہ رب العالمین کے حضور گردن رکھوں،

{ قُلْ اِنِّیْ نُهِیْتُ: تم فرماؤ مجھے منع کیا گیا ہے۔} شانِ نزول: کفارِ مکہ نے جہالت اور گمراہی کی بنا پر اپنے باطل دین کی طرف حضورپُر نور صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کو دعوت دی تھی اور آپ سے بت پرستی کی درخواست کی تھی، اس پر یہ آیت ِکریمہ نازل ہوئی اور ارشاد فرمایا گیا:اے پیارے حبیب! صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ، آپ ان کافروں  سے فرما دیں  کہ مجھے بتوں  کی پوجا کرنے سے منع کیا گیاہے اور بے شک میرے پاس میرے رب عَزَّوَجَلَّ کی طرف سے اس کی وحدانیّت پر دلالت کرنے والی روشن دلیلیں  آ چکی ہیں  ا ور مجھے حکم ہوا ہے کہ میں ربُّ العالَمین کے حضور گردن جھکا کر رکھوں  اور اخلاص کے ساتھ اسی کے دین پر قائم رہوں ۔(خازن، حم المؤمن، تحت الآیۃ: ۶۶، ۴ / ۷۷، مدارک، غافر، تحت الآیۃ: ۶۶، ص۱۰۶۴، روح البیان، المؤمن، تحت الآیۃ: ۶۶، ۸ / ۲۰۶-۲۰۷، ملتقطاً)
40:67
هُوَ الَّذِیْ خَلَقَكُمْ مِّنْ تُرَابٍ ثُمَّ مِنْ نُّطْفَةٍ ثُمَّ مِنْ عَلَقَةٍ ثُمَّ یُخْرِجُكُمْ طِفْلًا ثُمَّ لِتَبْلُغُوْۤا اَشُدَّكُمْ ثُمَّ لِتَكُوْنُوْا شُیُوْخًاۚ-وَ مِنْكُمْ مَّنْ یُّتَوَفّٰى مِنْ قَبْلُ وَ لِتَبْلُغُوْۤا اَجَلًا مُّسَمًّى وَّ لَعَلَّكُمْ تَعْقِلُوْنَ(۶۷)
وہی ہے جس نے تمہیں (ف۱۳۹) مٹی سے بنایا پھر (ف۱۴۰) پانی کی بوند سے (ف۱۴۱) پھر خون کی پھٹک سے پھرتمہیں نکالتا ہے بچہ پھرتمہیں باقی رکھتا ہے کہ اپنی جوانی کو پہنچو (ف۱۴۲) پھر اس لیے کہ بوڑھے ہو اور تم میں کوئی پہلے ہی اٹھالیا جاتا ہے (ف۱۴۳) اور اس لیے کہ تم ایک مقرر وعدہ تک پہنچو (ف۱۴۴) اور اس لیے کہ سمجھو (ف۱۴۵)

{هُوَ الَّذِیْ خَلَقَكُمْ مِّنْ تُرَابٍ: وہی ہے جس نے تمہیں  مٹی سے بنایا۔} یعنی اے لوگو! اللہ وہی ہے جس نے تمہاری اصل اور تمہارے جدِّ اعلیٰ، حضرت آدم عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کو مٹی سے بنایا پھر حضرت آدم عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کے بعد تمہیں  نسل در نسل پہلے منی کے قطرے سے ،پھر جمے ہوئے خون سے بنایا، پھرایک مخصوص مدت کے بعد وہ تمہیں  تمہاری ماں  کے پیٹ سے بچے کی صورت میں  نکالتا ہے، پھرتمہیں  باقی رکھتا ہے تا کہ تم اپنی جوانی کو پہنچو اور تمہاری قوت کامل ہو، پھر تمہیں  باقی رکھتا ہے تاکہ بالآخر تم بڑھاپے کی عمر کو پہنچو اورتمہارا حال یہ ہے کہ تم میں  سے کوئی بڑھاپے یا جوانی کو پہنچنے سے پہلے ہی موت کا شکار ہو جاتا ہے۔ تمہارے ساتھ یہ اس لئے کیا کہ تم زندگی گزارو اور اس لیے کیا کہ تم زندگی کے محدود وقت تک پہنچو اور اس لیے کیا کہ تم اپنے بدلتے احوال میں  موجود اللہ تعالیٰ کی قدرت اور وحدانیّت کے دلائل کو سمجھو اور ایمان لاؤ۔( خازن ، حم المؤمن ، تحت الآیۃ : ۶۷ ، ۴ / ۷۷-۷۸ ، روح البیان، المؤمن، تحت الآیۃ: ۶۷، ۸ / ۲۰۷-۲۰۸،جلالین، غافر، تحت الآیۃ: ۶۷، ص۳۹۵، ملتقطاً)
40:68
هُوَ الَّذِیْ یُحْیٖ وَ یُمِیْتُۚ-فَاِذَا قَضٰۤى اَمْرًا فَاِنَّمَا یَقُوْلُ لَهٗ كُنْ فَیَكُوْنُ۠(۶۸)
وہی ہے کہ جِلاتا ہے اور مارتا ہے پھر جب کوئی حکم فرماتا ہے تو اس سے یہی کہتا ہے کہ ہو جا جبھی وہ ہوجاتا ہے (ف۱۴۶)

{هُوَ الَّذِیْ یُحْیٖ وَ یُمِیْتُ: وہی ہے کہ زندگی دیتاہے اور مارتا ہے۔} یعنی اللہ وہی ہے جس کی یہ شان ہے کہ وہی حقیقی طور پر مُردوں  کو زندہ کرتا اور زندوں  کو موت دیتا ہے اور ا س کی قدرت کے کمال کا یہ حال ہے کہ اسے کسی چیز کو وجود عطا کرنے میں  نہ کوئی تکلیف اٹھانی پڑتی ہے ، نہ کسی مشقت کا سامنا ہوتا ہے اور نہ ہی کسی سامان کی حاجت ہوتی ہے بلکہ اَشیاء کا وجود اس کے ارادہ کا تابع ہے کہ جیسے ہی اس نے کسی چیز کا ارادہ فرمایا وہ چیز حکمِ الٰہی کے مطابق وجود میں  آجاتی ہے۔
40:69
اَلَمْ تَرَ اِلَى الَّذِیْنَ یُجَادِلُوْنَ فِیْۤ اٰیٰتِ اللّٰهِؕ-اَنّٰى یُصْرَفُوْنَ ﳝ(۶۹)
کیا تم نے انہیں نہ دیکھا جو اللہ کی آیتوں میں جھگڑے ہیں (ف۱۴۷) کہاں پھیرے جاتے ہیں (ف۱۴۸)

{اَلَمْ تَرَ اِلَى الَّذِیْنَ یُجَادِلُوْنَ فِیْۤ اٰیٰتِ اللّٰهِ: کیا تم نے انہیں  نہ دیکھا جو اللہ کی آیتوں  میں  جھگڑتے ہیں ۔} اس آیت کا خلاصہ یہ ہے کہ اے حبیب! صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ، آپ ان لوگوں  کی طرف دیکھیں  جو قرآنِ مجید کی واضح آیات کو باطل کرنے کے لئے ان میں  جھگڑا کرتے ہیں  حالانکہ وہ آیتیں  ایمان قبول کر لینے کا باعث ہیں  اور آیتوں  میں  جھگڑا کرنے سے انتہائی سختی کے ساتھ روکتی ہیں  اور اے حبیب! صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ، ان کے خراب احوال اور کمزور آراء پر تعجب فرمائیے کہ یہ کس طرح قرآن مجید کی آیات اور ان کی تصدیق کرنے سے انہیں  جھٹلانے کی طرف پھر رہے ہیں  حالانکہ بے شمار ایسے دلائل موجود ہیں  جن کا تقاضا یہ ہے کہ وہ ایمان قبول کر کے قرآنی آیات کے سامنے سر ِتسلیم َخم کر لیں ۔

یاد رہے کہ اس سورت میں  4مقامات پر قرآنِ کریم کی آیات میں  جھگڑا کرنے والوں  کا ذکر ہوا،اس کی ایک وجہ تو یہ ہو سکتی ہے کہ ہر مقام پر جھگڑا کرنے والے مختلف لوگوں  کا ذکر ہو اور ایک وجہ یہ ہو سکتی ہے کہ جن آیات میں  جھگڑا کیا گیا وہ مختلف ہوں  اور ایک وجہ یہ ہو سکتی ہے کہ (اس معاملے کی اہمیت کی وجہ سے) تاکید کے طور پر اس کا چار بار ذکر کیا گیا ہو،نیز بعض مفسرین کے نزدیک اس آیت میں  جھگڑا کرنے والوں  سے مشرکین مراد ہیں  اور بعض کے نزدیک وہ لوگ مراد ہیں  جو تقدیر کا انکار کرتے ہیں ۔(روح البیان، المؤمن، تحت الآیۃ: ۶۹، ۸ / ۲۱۰، طبری، غافر، تحت الآیۃ: ۶۹، ۱۱ / ۷۶، ملتقطاً)

40:70
الَّذِیْنَ كَذَّبُوْا بِالْكِتٰبِ وَ بِمَاۤ اَرْسَلْنَا بِهٖ رُسُلَنَا ﱡ فَسَوْفَ یَعْلَمُوْنَۙ(۷۰)
وہ جنہوں نے جھٹلائی کتاب (ف۱۴۹) اور جو ہم نے اپنے رسولوں کے ساتھ بھیجا، ف۱۵۰) وہ عنقریب جان جائیں گے (ف۱۵۱)

{اَلَّذِیْنَ كَذَّبُوْا بِالْكِتٰبِ: وہ جنہوں  نے کتاب کو جھٹلایا۔} یعنی جن کافروں  نے قرآنِ کریم کو جھٹلایا اور جو اللہ تعالیٰ نے اپنے رسولوں  عَلَیْہِمُ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کے ساتھ بھیجا اسے بھی جھٹلایا تو عنقریب وہ اپنے جھٹلانے کا انجام جان جائیں  گے۔

            یاد رہے کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے رسولوں  عَلَیْہِمُ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کے ساتھ جو چیز بھیجی ،اس سے مراد یا تو وہ کتابیں  ہیں  جو پہلے رسول لائے یا وہ حق عقائد ہیں  جو تمام انبیاء ِکرام عَلَیْہِمُ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام نے پہنچائے جیسے اللہ تعالیٰ کی وحدانیّت اور موت کے بعد دوبارہ زندہ کیا جانا۔( ابو سعود، غافر، تحت الآیۃ: ۷۰، ۴ / ۴۹۷، جلالین، غافر، تحت الآیۃ: ۷۰، ص۳۹۵، ملتقطاً)
40:71
اِذِ الْاَغْلٰلُ فِیْۤ اَعْنَاقِهِمْ وَ السَّلٰسِلُؕ-یُسْحَبُوْنَۙ(۷۱)
جب ان کی گردنوں میں طوق ہوں گے اور زنجیریں (ف۱۵۲) گھسیٹے جائیں گے،

{اِذِ الْاَغْلٰلُ فِیْۤ اَعْنَاقِهِمْ: جب ان کی گردنوں  میں  طوق ہوں  گے۔} اس آیت اور اس کے بعد والی5آیات کا خلاصہ یہ ہے کہ جھٹلانے والے کافر اس وقت اپنا انجام جان جائیں  گے جب ان کی گردنوں  میں  طوق اور زنجیریں  ہوں  گی اور وہ ان زنجیروں  سے کھولتے پانی میں  گھسیٹے جائیں  گے، پھروہ لوگ آگ میں  دہکائے جائیں  گے اور وہ آ گ باہر سے بھی انہیں  گھیرے ہوگی اور ان کے اندر بھی بھری ہوگی، پھر ڈانتے ہوئے ان سے فرمایا جائے گا:وہ بت کہاں  گئے جنہیں  تم دنیا میں  اللہ تعالیٰ کا شریک بناتے اور اللہ تعالیٰ کی بجائے ان کی عبادت کیا کرتے تھے ۔کفارکہیں  گے: وہ تو ہماری نگاہوں  سے غائب ہو گئے اور ہمیں  کہیں  نظر ہی نہیں  آتے ،بلکہ ہم پر تو یہ واضح ہو اہے کہ ہم دنیا میں  کچھ پوجتے ہی نہ تھے۔کفاربتوں  کی پوجا کرنے کا انکار کرجائیں  گے ، پھر بت حاضر کئے جائیں  گے اور کفار سے فرمایا جائے گا کہ تم اور تمہارے یہ معبود سب جہنم کا ایندھن ہو ۔ بعض مفسرین فرماتے ہیں  کہ جہنمیوں  کا یہ کہنا کہ ہم پہلے کچھ پوجتے ہی نہ تھے، اس کے یہ معنی ہیں  کہ اب ہمیں  ظاہر ہوگیا کہ جنہیں  ہم پوجتے تھے وہ کچھ نہ تھے کہ کوئی نفع یا نقصان پہنچاسکتے ۔مزید ارشاد فرمایا کہ جس طرح ان کے بت گم ہو گئے اسی طرح اللہ تعالیٰ کافروں  کو حق سے گمراہ کرتا ہے۔ اے کافرو!جس عذاب میں  تم مبتلا ہو،یہ اس کا بدلہ ہے جو تم زمین میں  شرک،بت پرستی اور مرنے کے بعد دوبارہ زندہ کئے جانے کا انکار کرنے پر خوش ہوتے تھے اور اس کا بدلہ ہے جو تم نعمتوں  پر اِتراتے تھے ۔جاؤ جہنم کے دروازوں  میں ! تمہیں  اس میں  ہمیشہ رہنا ہے، تو جہنم ان لوگوں  کا کیا ہی برا ٹھکانہ ہے جنہوں  نے تکبر کیا اور حق کو قبول نہ کیا۔( خازن، حم المؤمن،تحت الآیۃ:۷۱-۷۶، ۴ / ۷۸، جلالین، غافر، تحت الآیۃ: ۷۱-۷۶، ص۳۹۵-۳۹۶، مدارک، غافر، تحت الآیۃ: ۷۱-۷۶، ص۱۰۶۵، ملتقطاً)

 

40:72
فِی الْحَمِیْمِ ﳔ ثُمَّ فِی النَّارِ یُسْجَرُوْنَۚ(۷۲)
کھولتے پانی میں، پھر آگ میں دہکائے جائیں گے (ف۱۵۳)

40:73
ثُمَّ قِیْلَ لَهُمْ اَیْنَ مَا كُنْتُمْ تُشْرِكُوْنَۙ(۷۳)
پھر ان سے فرمایا جائے گا کہاں گئے وہ جو تم شریک بناتے تھے (ف۱۵۴)

40:74
مِنْ دُوْنِ اللّٰهِؕ-قَالُوْا ضَلُّوْا عَنَّا بَلْ لَّمْ نَكُنْ نَّدْعُوْا مِنْ قَبْلُ شَیْــٴًـاؕ-كَذٰلِكَ یُضِلُّ اللّٰهُ الْكٰفِرِیْنَ(۷۴)
اللہ کے مقابل، کہیں گے وہ تو ہم سے گم گئے (ف۱۵۵) بلکہ ہم پہلے کچھ پوجتے ہی نہ تھے (ف۱۵۶) اللہ یونہی گمراہ کرتا ہے کافروں کو،

40:75
ذٰلِكُمْ بِمَا كُنْتُمْ تَفْرَحُوْنَ فِی الْاَرْضِ بِغَیْرِ الْحَقِّ وَ بِمَا كُنْتُمْ تَمْرَحُوْنَۚ(۷۵)
یہ (ف۱۵۷) اس کا بدلہ ہے جو تم زمین میں باطل پر خوش ہوتے تھے (ف۱۵۸) اور اس کا بدلہ ہے جو تم اتراتے تھے،

40:76
اُدْخُلُوْۤا اَبْوَابَ جَهَنَّمَ خٰلِدِیْنَ فِیْهَاۚ-فَبِئْسَ مَثْوَى الْمُتَكَبِّرِیْنَ(۷۶)
جاؤ جہنم کے دروازوں میں اس میں ہمیشہ رہنے، تو کیا ہی برا ٹھکانا مغروروں کا (ف۱۵۹)

40:77
فَاصْبِرْ اِنَّ وَعْدَ اللّٰهِ حَقٌّۚ-فَاِمَّا نُرِیَنَّكَ بَعْضَ الَّذِیْ نَعِدُهُمْ اَوْ نَتَوَفَّیَنَّكَ فَاِلَیْنَا یُرْجَعُوْنَ(۷۷)
تو تم صبر کرو بیشک اللہ کا وعدہ (ف۱۶۰) سچا ہے، تو اگر ہم تمہیں دکھادیں (ف۱۶۱) کچھ وہ چیز جس کا انہیں وعدہ دیا جاتا ہے (ف۱۶۲) یا تمہیں پہلے ہی وفات دیں بہرحال انہیں ہماری ہی طرف پھرنا (ف۱۶۳)

{فَاصْبِرْ اِنَّ وَعْدَ اللّٰهِ حَقٌّ: تو تم صبر کرو بیشک اللہ کا وعدہ سچا ہے۔} اس آیت کا خلاصہ یہ ہے کہ اے حبیب! صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ، کفار کے جھگڑوں  اور دیگر چیزوں  سے آپ کو جو اَذِیَّت پہنچی ہے اس پر صبر فرمائیں،بیشک اللہ تعالیٰ نے کفار کوعذاب دینے کا جووعدہ فرمایا وہ سچا ہے، اور اس عذاب کا کچھ حصہ اگر ہم آپ کی وفات سے پہلے دنیا میں  ہی آپ کو دکھا دیں  تو وہ آپ ملاحظہ فرمائیں  اور اگر ہم انہیں  عذاب دینے سے پہلے ہی آپ کو وفات دے د یں  تو آپ آخرت میں  کافروں  کے عذاب کو ضرور دیکھ لیں  گے کیونکہ قیامت کے دن انہیں  بہر حال ہماری طرف ہی لوٹ کر آنا اور شدید عذاب میں  گرفتار ہونا ہے۔( روح البیان، المؤمن، تحت الآیۃ: ۷۷، ۸ / ۲۱۴، جلالین، غافر، تحت الآیۃ: ۷۷، ص۳۹۶، ملتقطاً)

            یاد رہے کہ اللہ تعالیٰ نے دنیا میں  بھی کافروں  کے عذاب کا کچھ حصہ اپنے حبیب صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کو دکھایا جیسا کہ جنگِ بدر کے دن کافر مارے گئے اور مسلمانوں  کو فتح نصیب ہوئی۔
40:78
وَ لَقَدْ اَرْسَلْنَا رُسُلًا مِّنْ قَبْلِكَ مِنْهُمْ مَّنْ قَصَصْنَا عَلَیْكَ وَ مِنْهُمْ مَّنْ لَّمْ نَقْصُصْ عَلَیْكَؕ-وَ مَا كَانَ لِرَسُوْلٍ اَنْ یَّاْتِیَ بِاٰیَةٍ اِلَّا بِاِذْنِ اللّٰهِۚ-فَاِذَا جَآءَ اَمْرُ اللّٰهِ قُضِیَ بِالْحَقِّ وَ خَسِرَ هُنَالِكَ الْمُبْطِلُوْنَ۠(۷۸)
اور بیشک ہم نے تم سے پہلے کتنے رسول بھیجے کہ جن میں کسی کا احوال تم سے بیان فرمایا (ف۱۶۴) اور کسی کا احوال نہ بیان فرمایا (ف۱۶۵) اور کسی رسول کو نہیں پہنچتا کہ کوئی نشانی لے آئے بے حکم خدا کے، پھر جب اللہ کا حکم آئے گا (ف۱۶۶) سچا فیصلہ فرمادیا جائے گا (ف۱۶۷) اور باطل والوں کا وہاں خسارہ،

{وَ لَقَدْ اَرْسَلْنَا رُسُلًا مِّنْ قَبْلِكَ: اور بیشک ہم نے تم سے پہلے کتنے رسول بھیجے۔} ارشاد فرمایا کہ اے حبیب! صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ، بیشک ہم نے آپ کی بِعثَت سے پہلے بہت سے رسول مختلف امتوں  کی طرف بھیجے اور ان میں  سے کسی کے احوال آپ سے اس قرآن میں  صراحت کے ساتھ بیان فرمائے اور کسی کے احوال قرآنِ مجید میں  تفصیل اور صراحت کے ساتھ بیان نہ فرمائے ۔اِن تمام انبیاء ِکرام عَلَیْہِمُ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کو اللہ تعالیٰ نے نشانی اور معجزات عطا فرمائے، اس کے باوجود ان کی قوموں  نے ان سے جھگڑا کیا اور انہیں  جھٹلایا اور اس پر ان حضرات نے صبر کیا ۔گزشتہ رسولوں  عَلَیْہِمُ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کے اس تذکرہ سے مقصود نبی کریم صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کو تسلی دینا ہے کہ جس طرح کے واقعات قوم کی طرف سے آپ کو پیش آرہے ہیں  اور جیسی ایذائیں  آپ کوپہنچ رہی ہیں  پہلے انبیاء ِکرام عَلَیْہِمُ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کے ساتھ بھی یہی حالات گزر چکے ہیں  اور جیسے انہوں  نے صبر کیا اسی طرح آپ بھی صبر فرمائیں ۔( خازن ، حم المؤمن، تحت الآیۃ: ۷۸، ۴ / ۷۸، مدارک، غافر، تحت الآیۃ: ۷۸، ص۱۰۶۶، روح البیان، المؤمن، تحت الآیۃ: ۷۸، ۸ / ۲۱۷، ملتقطاً)

{وَ مَا كَانَ لِرَسُوْلٍ اَنْ یَّاْتِیَ بِاٰیَةٍ اِلَّا بِاِذْنِ اللّٰهِ: اور کسی رسول کیلئے ممکن نہیں  کہ اللہ کے اِذن کے بغیر کوئی نشانی لے آئے۔} یعنی کفار کے من مانے معجزے کا ظاہر نہ ہونا ایسی چیز نہیں  کہ جس کی وجہ سے نبوت پراعتراض کیا جا سکے کیونکہ کسی رسول کیلئے یہ ممکن نہیں  کہ وہ اللہ تعالیٰ کے اِذن کے بغیر کوئی نشانی اور معجزہ لے آئے ،لہٰذا اے حبیب! صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ، کافروں  کے مطالبے کے مطابق آپ کا معجزات نہ دکھاناقابلِ اعتراض نہیں  ۔پھر وعید بیان کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ نے ارشاد فرمایا کہ جب کفار پر عذاب نازل کرنے کے بارے میں  اللہ تعالیٰ کا حکم آئے گاتو اللہ تعالیٰ کے رسولوں  عَلَیْہِمُ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام اور ان کی تکذیب کرنے والوں  کے درمیان سچا فیصلہ فرمادیا جائے گا اورجب اللہ تعالیٰ کا حکم آئے گا تو اللہ تعالیٰ کی آیتوں  میں  ناحق جھگڑنے اور من چاہے معجزات ظاہر نہ ہونے کی وجہ سے نبوت پر اعتراض کرنے والوں  کو خسارہ ہوگا۔( تفسیرکبیر ، المؤمن ، تحت الآیۃ : ۷۸، ۹ / ۵۳۳ ، ابو سعود، المؤمن، تحت الآیۃ: ۷۸، ۴ / ۴۹۹، خازن، حم المؤمن، تحت الآیۃ: ۷۸، ۴ / ۷۸-۷۹، ملتقطاً)
40:79
اَللّٰهُ الَّذِیْ جَعَلَ لَكُمُ الْاَنْعَامَ لِتَرْكَبُوْا مِنْهَا وَ مِنْهَا تَاْكُلُوْنَ٘(۷۹)
اللہ ہے جس نے تمہارے لیے چوپائے بنائے کہ کسی پر سوار ہو اور کسی کا گوشت کھاؤ،

{اَللّٰهُ الَّذِیْ جَعَلَ لَكُمُ الْاَنْعَامَ: اللہ ہے جس نے تمہارے لیے چوپائے بنائے۔} اس سے پہلی آیات میں  کافروں  کے لئے وعید بیان ہوئی اور اس آیت سے اللہ تعالیٰ کی قدرت اور وحدانیَّت پر دلالت کرنے والی اَشیاء بیان کی جا رہی ہیں ،چنانچہ اس آیت اور اس کے بعد والی دو آیات کا خلاصہ یہ ہے کہ اللہ وہی ہے جس نے تمہارے لیے چوپائے بنائے تا کہ ان میں  سے کسی پر تم سواری کرواور کسی کا گوشت کھاؤاور تمہارے لیے ان چوپایوں  میں  سواری اور گوشت کھانے کے علاوہ بھی کتنے ہی فائدے ہیں  کہ تم ان کا دودھ اور اُون وغیرہ اپنے کام میں  لاتے ہو اوران کی نسل سے نفع اٹھاتے ہو اور وہ چوپائے اس لئے بنائے تاکہ تم اپنے سفروں  میں  اپنے وزنی سامان ان کی پیٹھوں  پر لاد کر ایک مقام سے دوسرے مقام پر لے جاؤ اور تم خشکی کے سفروں  میں  ان چوپایوں  پراور دریائی سفروں  میں  کشتیوں  پر سوار ہوتے ہواور اللہ تعالیٰ تمہیں  اپنی وہ نشانیاں  دکھاتا ہے جو اس کی قدرت اور وحدانیَّت پر دلالت کرتی ہیں  اور وہ نشانیاں  ایسی ظاہر و باہِر ہیں  کہ ان کے انکار کی کوئی صورت ہی نہیں  تو تم اللہ تعالیٰ کی قدرت اور وحدانیَّت پر دلالت کرنے والی کون سی نشانی کا انکار کرو گے۔( تفسیرکبیر، المؤمن، تحت الآیۃ: ۷۹-۸۱، ۹ / ۵۳۴، خازن، حم المؤمن، تحت الآیۃ: ۷۹-۸۱، ۴ / ۷۹، ملتقطاً)
40:80
وَ لَكُمْ فِیْهَا مَنَافِعُ وَ لِتَبْلُغُوْا عَلَیْهَا حَاجَةً فِیْ صُدُوْرِكُمْ وَ عَلَیْهَا وَ عَلَى الْفُلْكِ تُحْمَلُوْنَؕ(۸۰)
اور تمہارے لیے ان میں کتنے ہی فائدے ہیں (ف۱۶۸) اور اس لیے کہ تم ان کی پیٹھ پر اپنے دل کی مرادوں کو پہنچو (ف۱۶۹) اور ان پر (ف۱۷۰) اور کشتیوں پر (ف۱۷۱) سوار ہوتے ہو،

  FONT
  THEME
  TRANSLATION
  • English | Ahmed Ali
  • Urdu | Ahmed Raza Khan
  • Turkish | Ali-Bulaç
  • German | Bubenheim Elyas
  • Chinese | Chineese
  • Spanish | Cortes
  • Dutch | Dutch
  • Portuguese | El-Hayek
  • English | English
  • Urdu | Fateh Muhammad Jalandhry
  • French | French
  • Hausa | Hausa
  • Indonesian | Indonesian-Bahasa
  • Italian | Italian
  • Korean | Korean
  • Malay | Malay
  • Russian | Russian
  • Tamil | Tamil
  • Thai | Thai
  • Farsi | مکارم شیرازی
  TAFSEER
  • العربية | التفسير الميسر
  • العربية | تفسير الجلالين
  • العربية | تفسير السعدي
  • العربية | تفسير ابن كثير
  • العربية | تفسير الوسيط لطنطاوي
  • العربية | تفسير البغوي
  • العربية | تفسير القرطبي
  • العربية | تفسير الطبري
  • English | Arberry
  • English | Yusuf Ali
  • Dutch | Keyzer
  • Dutch | Leemhuis
  • Dutch | Siregar
  • Urdu | Sirat ul Jinan
  HELP

اَلْمُؤْمِن
اَلْمُؤْمِن
  00:00



Download

اَلْمُؤْمِن
اَلْمُؤْمِن
  00:00



Download