READ

Surah Abasa

عَبَس
42 Ayaat    مکیۃ


80:0
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
اللہ کے نام سے شروع جو بہت مہربان رحمت والا

{ بِسْمِ اللّٰهِ:اللہ کے نام سے شروع ۔} علامہ احمد صاوی رَحْمَۃُاللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ فرماتے ہیں:قرآن مجید کی ابتداء’’ بِسْمِ اللّٰهِ‘‘سے اس لئے کی گئی تاکہ اللہ تعالٰی کے بندے اس کی پیروی کرتے ہوئے ہر اچھے کام کی ابتداء ’’بِسْمِ اللّٰهِ‘‘ سے کریں۔(صاوی،الفاتحۃ، ۱ / ۱۵) اور حدیث پاک میں بھی(اچھے اور)اہم کام کی ابتداء ’’بِسْمِ اللّٰهِ‘‘ سے کرنے کی ترغیب دی گئی ہے،چنانچہ

حضرت ابو ہریرہ رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہُ سے روایت ہے،حضورپر نورصَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہ وَسَلَّمَنے ارشاد فرمایا: ’’جس اہم کام کی ابتداء ’’بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ‘‘ سے نہ کی گئی تو وہ ادھورا رہ جاتا ہے۔ (کنز العمال، کتاب الاذ کار، الباب السابع فی تلاوۃ القراٰن وفضائلہ، الفصل الثانی۔۔۔الخ، ۱ / ۲۷۷، الجزءالاول،الحدیث:۲۴۸۸)

 لہٰذا تمام مسلمانوں کو چاہئے کہ وہ ہرنیک اور جائز کام کی ابتداء ’’بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ‘‘ سے کریں ،اس کی بہت برکت ہے۔([1])

{اَلرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ:جو بہت مہربان رحمت والاہے ۔}امام فخر الدین رازی رَحْمَۃُاللہِ تَعَالٰی عَلَیْہِفرماتے ہیں : اللہ تعالٰی نے اپنی ذات کو رحمٰن اور رحیم فرمایا تو یہ اس کی شان سے بعید ہے کہ وہ رحم نہ فرمائے ۔مروی ہے کہ ایک سائل نے بلند دروازے کے پاس کھڑے ہو کر کچھ مانگا تو اسے تھوڑا سا دے دیا گیا،دوسرے دن وہ ایک کلہاڑا لے کر آ یا اور دروازے کو توڑنا شروع کر دیا۔اس سے کہا گیا کہ تو ایسا کیوں کر رہا ہے؟اس نے جواب دیا:تو دروازے کو اپنی عطا کے لائق کر یا اپنی عطا کو دروازے کے لائق بنا۔اے ہمارے اللہ! عَزَّوَجَلَّ،رحمت کے سمندروں کو تیری رحمت سے وہ نسبت ہے جو ایک چھوٹے سے ذرے کو تیرے عرش سے نسبت ہے اور تو نے اپنی کتاب کی ابتداء میں اپنے بندوں پر اپنی رحمت کی صفت بیان کی اس لئے ہمیں اپنی رحمت اور فضل سے محروم نہ رکھنا۔(تفسیرکبیر، الباب الحادی عشرفی بعض النکت المستخرجۃ۔۔۔الخ، ۱ / ۱۵۳)

 ’’بِسْمِ اللّٰهِ‘‘سے متعلق چند شرعی مسائل:

          علماء کرام نے ’’ بِسْمِ اللّٰهِ‘‘ سے متعلق بہت سے شرعی مسائل بیان کئے ہیں ، ان میں سے چند درج ذیل ہیں :

 (1)… جو ’’ بِسْمِ اللّٰهِ‘‘ہر سورت کے شروع میں لکھی ہوئی ہے، یہ پوری آیت ہے اور جو’’سورۂ نمل‘‘ کی آیت نمبر 30 میں ہے وہ اُس آیت کا ایک حصہ ہے۔

(2)… ’’بِسْمِ اللّٰهِ‘‘ ہر سورت کے شروع کی آیت نہیں ہے بلکہ پورے قرآن کی ایک آیت ہے جسے ہر سورت کے شروع میں لکھ دیا گیا تا کہ دو سورتوں کے درمیان فاصلہ ہو جائے ،اسی لئے سورت کے اوپر امتیازی شان میں ’’بِسْمِ اللّٰهِ‘‘ لکھی جاتی ہے آیات کی طرح ملا کر نہیں لکھتے اور امام جہری نمازوں میں ’’بِسْمِ اللّٰهِ‘‘ آواز سے نہیں پڑھتا، نیز حضرت جبریل عَلَیْہِ السَّلَامجو پہلی وحی لائے اس میں ’’ بِسْمِ اللّٰهِ‘‘ نہ تھی۔

(3)…تراویح پڑھانے والے کو چاہیے کہ وہ کسی ایک سورت کے شروع میں ’’بِسْمِ اللّٰهِ‘‘ آواز سے پڑھے تاکہ ایک آیت رہ نہ جائے۔

(4)… تلاوت شروع کرنے سے پہلے ’’اَعُوْذُ بِاللہ مِنَ الشَّیْطٰنِ الرَّجِیْمِ‘‘ پڑھنا سنت ہے،لیکن اگر شاگرد استادسے قرآن مجید پڑھ رہا ہو تو اس کے لیے سنت نہیں۔

(5)…سورت کی ابتداء میں ’’ بِسْمِ اللّٰهِ‘‘ پڑھنا سنت ہے ورنہ مستحب ہے۔

(6)…اگر ’’سورۂ توبہ‘‘ سے تلاوت شروع کی جائے تو’’اَعُوْذُ بِاللہِ‘‘ اور’’بِسْمِ اللّٰهِ‘‘دونوں کو پڑھا جائے اور اگر تلاوت کے دوران سورۂ توبہ آجائے تو ’’بِسْمِ اللّٰهِ‘‘پڑھنے کی حاجت نہیں۔[1] ۔۔۔ بِسْمِ اللّٰهشریف کے مزید فضائل جاننے کے لئے امیرِ اہلِسنّت حضرت علّامہ مولانا محمدالیاس عطار قادری، رضویدَامَتْ بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہ کی تالیف،فیضانِبِسْمِ اللّٰهِ(مطبوعہ مکتبۃ المدینہ)،، کا مطالعہ فرمائیں۔

80:1
عَبَسَ وَ تَوَلّٰۤىۙ(۱)
تیوری چڑھائی اور منہ پھیرا (ف۲)

{عَبَسَ وَ تَوَلّٰى: تیوری چڑھائی اور منہ پھیرا۔} اس سورت کی ابتدائی دس آیات میں  اللّٰہ تعالیٰ نے اپنے حبیب صَلَّی  اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہ وَ سَلَّمَ کی عظمت اور اپنی بار گاہ میں  ان کی محبوبیّت کے ایک پہلو کو بیان فرمایا ہے کہ جب نبی کریم صَلَّی  اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہ وَ سَلَّمَ نے اپنے اجتہاد سے ایک کام کو زیادہ اہم سمجھتے ہوئے اسے دوسرے کام پر فَوقِیَّت دی اور دوسرے کام کی طرف توجہ نہ فرمائی تواس پر اللّٰہ تعالیٰ نے لطیف انداز میں  اپنے حبیب صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہ وَ سَلَّمَ کی تربیت فرمائی۔ ان آیات کا شانِ نزول یہ ہے کہ نبی کریم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہ وَ سَلَّمَ ایک مرتبہ قریش کے سرداروں  عتبہ بن ربیعہ، ابوجہل بن ہشام ، عبا س بن عبدالمطلب ، اُبی بن خلف اور اُمیہ بن خلف کو اسلام کی دعوت دے رہے تھے، اسی دوران حضرت عبداللّٰہ بن اُمِّ مکتوم رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ حاضر ہوئے جو کہ نابینا تھے اوراُنہوں نے نبی کریم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی  عَلَیْہِ وَاٰلِہ وَ سَلَّمَ کو بار بار ندا کرکے عرض کی کہ اللّٰہ تعالیٰ نے جو آپ کو سکھایا ہے وہ مجھے تعلیم فرمائیے۔ حضرت عبداللّٰہ بن اُمِّ مکتوم  رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ نے یہ نہ سمجھا کہ حضورِ اَقدس صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہ وَ سَلَّمَ دوسروں  سے گفتگو فرمارہے ہیں  اور میرے ندا کرنے سے قطعِ کلامی ہوگی۔ یہ بات حضور پُر نور صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہ وَ سَلَّمَ کو گراں  گزری اور ناگواری کے آثار چہرۂ اَقدس پر نمایاں ہوئے یہاں  تک کہ حضورِ اکرم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہ وَ سَلَّمَ اپنی دولت سرائے اقدس کی طرف واپس تشریف لے آئے ۔اس پر یہ آیات نازل ہوئیں  اور اس آیت اور ا س کے بعد والی 9آیات میں فرمایا گیا کہ نبی صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہ وَ  سَلَّمَ نے اس بات پر اپنے ماتھے پر شکن چڑھائی اور منہ پھیرا کہ ان کے پاس ایک نابینا شخص حاضر ہوا اور اے پیارے حبیب! صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہ وَ سَلَّمَ، آپ کو کیا معلوم کہ شاید وہ آپ کا ارشاد سن کر پاکیزہ ہوجائے یاآپ کے کلام سے نصیحت حاصل کرے تو وہ نصیحت اسے فائدہ دے۔جبکہ دوسراوہ شخص جو اپنے مال کے تکبر میں  مبتلا ہونے کی وجہ سے اللّٰہ تعالیٰ سے اورایمان لانے سے بے پرواہوا تو آپ اس کے پیچھے پڑتے ہیں  اور اس کے ایمان لانے کی امیدمیں  اس پر کوشش کرتے ہیں  (تاکہ دین ِاسلام کی قوت میں  اضافہ ہو اور ان کے پیچھے چلنے والے اور لوگ بھی ایمان لے آئیں ) حالانکہ آپ پر اس بات کا کوئی اِلزام نہیں  کہ وہ کافر ایمان لا کر اور ہدایت پا کر پاکیزہ نہ ہو کیونکہ آپ کے ذمہ دعوت دینا اور اللّٰہ تعالیٰ کا پیغام پہنچادینا ہے اور وہ ابنِ اُمِّ مکتوم ،جو بھلائی کی طلب میں  تمہارے حضور ناز سے دوڑتا ہوا آیا اور وہ اللّٰہ تعالیٰ سے ڈرتاہے تو آپ اسے چھوڑ کر دوسری طرف مشغول ہوتے ہیں ، ایسا کرنا آپ کی شان کے لائق ہرگز نہیں۔( خازن،عبس،تحت الآیۃ:۱-۱۰،۴ / ۳۵۳، مدارک، عبس، تحت الآیۃ: ۱-۱۰، ص۱۳۲۱، جلالین، عبس، تحت الآیۃ: ۱-۱۰، ص۴۹۰، ملتقطاً)

             یہاں  یہ بات ذہن نشین رہے کہ نبی کریم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہ وَ سَلَّمَ کے سامنے دو طرح کے لوگ تھے ، ایک مالدارکفار جن کے اسلام لانے سے خود اُن کفار کو اور اسلام و مسلمانوں  کو فائدہ تھا جبکہ دوسری طرف نابینا مسلمان صحابی تھا۔ دونوں  کے اعتبار سے یہاں  تین پہلو تھے ،

          پہلا یہ کہ مالدارکفار ، خصوصاً سردار ہر وقت تبلیغ کے لئے مُیَسَّر نہیں  ہوتے تھے اور اُس خاص وقت کے علاوہ دوسرے وقت ان کا ایمان کی بات سننے کیلئے آنا یقینی نہیں  تھاجبکہ صحابی ہر وقت حاضر رہتے اور اُس خاص وقت کے علاوہ دوسرے وقت میں  ان کا آنا یقینی تھا۔

          دوسر ا پہلو یہ تھا کہ کفار سے بات اِیمانیات کے متعلق ہورہی تھی جبکہ صحابی سے بات ایمان کی تکمیل یا عمل وغیرہ کے متعلق ہونی تھی اور ایمان کا معاملہ اس کی تکمیل اور اعمال سے زیادہ اہم ہے ۔

           تیسرا پہلو یہ تھا کہ کفار کا ایمان لانا یقینی نہیں  تھا جبکہ صحابی کا آپ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہ وَ سَلَّمَ کے فرمان پر عمل نسبتاً یقینی تھا۔ ان تینوں  باتوں  کو سامنے رکھتے ہوئے اب آیت اور اس واقعے کا مفہوم سمجھیں  کہ پہلے دو پہلوؤں  کا تقاضا یہ تھا کہ کفار سے بات کرنے کو ترجیح دی جائے جبکہ تیسرے پہلو کا تقاضا تھا کہ صحابی سے بات کرنے کو ترجیح دی جائے، نبی کریم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہ وَ سَلَّمَ نے پہلے دو پہلوؤں  کو کثرتِ فوائد کے پیشِ نظر اپنے اِجتہاد سے ترجیح دی جبکہ حکمِ الٰہی میں  بتادیا گیا کہ تیسرا پہلو جو یقینی تھا اسے پہلے والے دو غیر یقینی پہلوؤں  پر ترجیح دی جانی چاہیے تھی چنانچہ اسی کے حوالے سے آپ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہ وَ سَلَّمَ کی تربیت فرمادی گئی اور آپ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہ وَ سَلَّمَ کو آپ کی تمام جہانوں  کے لئے رحمت ہونے والی شان کے مطابق انداز اپنانے کا بھی فرمادیا گیا کہ اس طرح کے معاملات میں  چہرے پر تیوری نہ چڑھائی جائے۔

{اَنْ جَآءَهُ الْاَعْمٰى: اس بات پر کہ ان کے پاس نابینا حاضر ہوا۔} حضرت عبداللّٰہ بن اُمِّ مکتوم رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ کو نابینا فرما کر ان کی تحقیر نہیں  کی گئی بلکہ ا س میں  ان کی معذوری کی طرف اشارہ ہے کہ ان سے قطعِ کلامی بینائی نہ ہونے کی وجہ سے واقع ہوئی اور ا س وجہ سے وہ مزید نرمی کئے جانے کے مستحق تھے ۔

حضرت عبداللّٰہ بن اُمِّ مکتوم رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ کی شان:

             ان آیات کے نازل ہونے کے بعد تاجدارِ رسالت صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہ وَ سَلَّمَ حضرت عبداللّٰہ بن اُمِّ مکتوم رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ کی بہت عزت فرماتے تھے اور خود ان سے ان کی حاجتیں  دریافت فرماتے۔ نبی کریم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے غزوات کے دوران دو مرتبہ حضرت عبداللّٰہ بن اُمِّ مکتوم رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ کو مدینہ منورہ میں  اپنا نائب بنایا اور حضرت عبداللّٰہ بن اُمِّ مکتوم رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ جنگ ِقادسیہ میں  شہید ہوئے۔( تفسیرکبیر، عبس، تحت الآیۃ: ۱، ۱۱ / ۵۲، روح المعانی، عبس، تحت الآیۃ: ۱، ۱۵ / ۳۳۸، ملتقطاً)

80:2
اَنْ جَآءَهُ الْاَعْمٰىؕ(۲)
اس پر کہ اس کے پاس وہ نابینا حاضر ہوا (ف۳)

80:3
وَ مَا یُدْرِیْكَ لَعَلَّهٗ یَزَّكّٰۤىۙ(۳)
اور تمہیں کیا معلوم شاید وہ ستھرا ہو (ف۴)

80:4
اَوْ یَذَّكَّرُ فَتَنْفَعَهُ الذِّكْرٰىؕ(۴)
یا نصیحت لے تو اسے نصیحت فائدہ دے،

80:5
اَمَّا مَنِ اسْتَغْنٰىۙ(۵)
وہ جو بے پرواہ بنتا ہے (ف۵)

80:6
فَاَنْتَ لَهٗ تَصَدّٰىؕ(۶)
تم اس کے تو پیچھے پڑتے ہو (ف۶)

80:7
وَ مَا عَلَیْكَ اَلَّا یَزَّكّٰىؕ(۷)
اور تمہارا کچھ زیاں نہیں اس میں کہ وہ ستھرا نہ ہو (ف۷)

80:8
وَ اَمَّا مَنْ جَآءَكَ یَسْعٰىۙ(۸)
اور وہ جو تمہارے حضور ملکتا (ناز سے دوڑتا ہوا) آتا (ف۸)

80:9
وَ هُوَ یَخْشٰىۙ(۹)
اور وہ ڈر رہا ہے (ف۹)

80:10
فَاَنْتَ عَنْهُ تَلَهّٰىۚ(۱۰)
تو اسے چھوڑ کر اور طرف مشغول ہوتے ہو،

80:11
كَلَّاۤ اِنَّهَا تَذْكِرَةٌۚ(۱۱)
یوں نہیں (ف۱۰) یہ تو سمجھانا ہے (ف۱۱)

{اِنَّهَا تَذْكِرَةٌ: بیشک یہ باتیں  نصیحت ہیں ۔} اس آیت اور ا س کے بعد والی 5آیات کاخلاصہ یہ ہے کہ بے شک قرآن کی آیات مخلوق کے لئے نصیحت ہیں  تو بندوں  میں  سے جو چاہے ان آیات کو یا د کرکے ان سے نصیحت حاصل کرے اور ان کے تقاضوں  کے مطابق عمل کرے اور جو چاہے ان سے اِعراض کرے اور یہ آیات ان صحیفوں  میں  لکھی ہوئی ہیں  جو اللّٰہ تعالیٰ کے نزدیک عزت والے، بلند قدر والے اور پاکی والے ہیں  کہ انہیں  پاکوں  کے سوا کوئی نہیں  چھوتا اور یہ صحیفے ان لکھنے والوں  کے ہاتھوں  سے لکھے ہوئے ہیں جو کرم والے ،نیکی والے اور اللّٰہ تعالیٰ کے فرمانبردارہیں  اور وہ فرشتے ہیں  جو ان کو لوحِ محفوظ سے نقل کرتے ہیں ۔( مدارک، عبس، تحت الآیۃ: ۱۱-۱۶، ص۱۳۲۲، جلالین مع صاوی، عبس، تحت الآیۃ: ۱۱-۱۶، ۶ / ۲۳۱۵، خازن، عبس، تحت الآیۃ: ۱۱-۱۶، ۴ / ۳۵۳، ملتقطاً)

قرآنِ کریم کی عظمتـ:

            اس سے معلوم ہوا کہ جن کاغذوں  پر قرآن لکھا جائے، جن قلموں  سے لکھا جائے اور جو لوگ لکھیں  سب حرمت والے ہیں  اوریہ بھی معلوم ہوا کہ قرآنِ پاک کو سب سے اونچا رکھا جائے، ادھر پاؤں  یا پیٹھ نہ کی جائے اورناپاک آدمی اسے نہ چھوئے اور یہ بھی معلوم ہوا کہ قرآنِ پاک کو حفظ کرنا چاہئے ،اس کی فضیلت کے بارے میں  حضرت عائشہ صدیقہ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی  عَنْہَا سے مروی ہے، رسولِ کریم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہ وَ سَلَّمَ نے ارشاد فرمایا ’’اس شخص کی مثال جو قرآنِ کریم کو پڑھتا ہے یہاں  تک کہ اسے ذہن نشین کر لیتا ہے تو وہ بزرگ فرشتوں  کے ساتھ ہو گا اور ا س شخص کی مثال جو قرآن کریم کو پڑھے اورا سے ذہن نشین کرتے ہوئے بڑی دشواری کا سامنا ہو تو ا س کے لئے دُگنا ثواب ہے۔( بخاری، کتاب التفسیر، سورۃ عبس، ۳ / ۳۷۳، الحدیث: ۴۹۳۷)

80:12
فَمَنْ شَآءَ ذَكَرَهٗۘ(۱۲)
تو جو چاہے اسے یا د کرے (ف۱۲)

80:13
فِیْ صُحُفٍ مُّكَرَّمَةٍۙ(۱۳)
ان صحیفوں میں کہ عزت والے ہیں (ف۱۳)

80:14
مَّرْفُوْعَةٍ مُّطَهَّرَةٍۭۙ(۱۴)
بلندی والے (ف۱۴) پاکی والے (ف۱۵)

80:15
بِاَیْدِیْ سَفَرَةٍۙ(۱۵)
ایسوں کے ہاتھ لکھے ہوئے،

80:16
كِرَامٍۭ بَرَرَةٍؕ(۱۶)
جو کرم والے نکوئی والے (ف۱۶)

80:17
قُتِلَ الْاِنْسَانُ مَاۤ اَكْفَرَهٗؕ(۱۷)
آدمی مارا جائیو کیا ناشکر ہے (ف۱۷)

{قُتِلَ الْاِنْسَانُ مَاۤ اَكْفَرَهٗ: آدمی مارا جائے ، کتنا ناشکرا ہے وہ۔} اس آیت اور ا س کے بعد والی 5آیات کاخلاصہ یہ ہے کہ کافرآدمی مارا جائے ،وہ کتنا ناشکرا ہے کہ اللّٰہ تعالیٰ کی کثیر نعمتوں  اور بے انتہا احسانات کے باوجود ا س کے ساتھ کفر کرتا ہے،کیا اس نے غور نہیں  کیا کہ اللّٰہ تعالیٰ نے اسے کس حقیر چیز سے پیدا کیا ہے،وہ حقیر چیز منی کے پانی کی بوند ہے جس سے اللّٰہ تعالیٰ نے اسے پیدا فرمایا ہے، تو جس کی اصل اِس جیسی چیز ہے اُس کی یہ اوقات کہاں  ہے کہ وہ اللّٰہ تعالیٰ کے احکامات ماننے سے تکبر کرے اور اس کے ساتھ کفر کرے۔اس کے بعد اللّٰہ تعالیٰ نے انسان کی تخلیق ، ا س کی زندگی کے مَراحل اور اس پر اپنے انعامات بیان فرمائے کہ اس نے انسان کو ماں  کے پیٹ میں  کچھ عرصہ نطفے کی شکل میں  ، کچھ عرصہ جمے ہوئے خون کی صورت میں  اور کچھ عرصہ گوشت کے ٹکڑے کی شان میں  رکھا ،پھر اس کے ہاتھ ،پاؤں  آنکھیں  اور دیگر اَعضاء بنائے یہاں  تک کہ اسے انسانی صورت کا جامہ پہنا دیا۔ پھر اس کیلئے ماں  کے پیٹ سے پیدا ہونے کا راستہ آسان کردیا۔ پھر اسے دُنْیَوی زندگی کی مدت پوری ہونے کے بعد موت دی تاکہ وہ اَبدی زندگی اور دائمی نعمتوں  تک پہنچ سکے، پھر اسے قبر میں  رکھوایاتاکہ وہ موت کے بعد درندوں  کی خوراک بن کے بے عزت نہ ہو۔پھر اس کی موت کے بعد اللّٰہ تعالیٰ جب چاہے گا اسے حساب و جزا کے لئے قبر سے باہر نکالے گا،پھر اِس کے بعد اُس کے مومن ہونے کی صورت میں  اپنے فضل سے اسے نعمتوں  ،لذتوں  اور آسائشوں  سے بھرپور دائمی زندگی عطا کرے گا۔ جب عقلمند انسان ان چیزوں  میں  غور کرے گا تو وہ اپنے رب عَزَّوَجَلَّ کی نعمتوں  کی ناشکری اور اللّٰہ تعالیٰ کے ساتھ کفر کرنے کی قباحت کو جان لے گا اور اللّٰہ تعالیٰ کی نعمتوں  کا شکر کرنے اور اللّٰہ تعالیٰ پر ایمان لانے کی طرف مائل ہو گا۔( خازن،عبس،تحت الآیۃ:۱۷-۲۲،۴ / ۳۵۴، روح البیان،عبس، تحت الآیۃ: ۱۷-۲۲، ۱۰ / ۳۳۴-۳۳۶، تفسیر قرطبی، عبس، تحت الآیۃ: ۱۷-۲۲، ۱۰ / ۱۵۳-۱۵۴، الجزء التاسع عشر، روح المعانی، عبس، تحت الآیۃ: ۱۷-۲۲، ۱۵ / ۳۴۴- ۳۴۷، ملتقطاً)

80:18
مِنْ اَیِّ شَیْءٍ خَلَقَهٗؕ(۱۸)
اسے کاہے سے بنایا،

80:19
مِنْ نُّطْفَةٍؕ-خَلَقَهٗ فَقَدَّرَهٗۙ(۱۹)
پانی کی بوند سے اسے پیدا فرمایا، پھر اسے طرح طرح کے اندازوں پر رکھا (ف۱۸)

80:20
ثُمَّ السَّبِیْلَ یَسَّرَهٗۙ(۲۰)
پھر اسے راستہ آسان کیا (ف۱۹)

80:21
ثُمَّ اَمَاتَهٗ فَاَقْبَرَهٗۙ(۲۱)
پھر اسے موت دی پھر قبر میں رکھوایا (ف۲۰)

80:22
ثُمَّ اِذَا شَآءَ اَنْشَرَهٗؕ(۲۲)
پھر جب چاہا اسے باہر نکالا (ف۲۱)

80:23
كَلَّا لَمَّا یَقْضِ مَاۤ اَمَرَهٗؕ(۲۳)
کوئی نہیں، اس نے اب تک پورا نہ کیا جو اسے حکم ہوا تھا (ف۲۲)

{كَلَّا: کوئی نہیں ۔} اس آیت کی ایک تفسیر یہ ہے کہ کافر انسان کو تکبر کرنے سے،اس کے کفر سے ،توحید،مرنے کے بعد اٹھائے جانے اور حشر و نشر کا انکار کرنے پر اِصرار کرنے سے رو کاگیا تھا لیکن اس کافر نے اب تک اللّٰہ تعالیٰ کے اس حکم پر عمل کرتے ہوئے ایمان قبول کیا ہے اور نہ ہی وہ اپنے تکبر سے باز آیا ہے۔دوسری تفسیر یہ ہے یقینا اس کافر انسان نے اب تک ایمان قبول کرنے کاوہ کام پورا نہ کیا جو اللّٰہ تعالیٰ نے اسے حکم دیا تھا۔( تفسیرکبیر، عبس، تحت الآیۃ: ۲۳، ۱۱ / ۵۸، تفسیرصاوی، عبس، تحت الآیۃ: ۲۳، ۶ / ۲۳۱۷، ملتقطاً)

80:24
فَلْیَنْظُرِ الْاِنْسَانُ اِلٰى طَعَامِهٖۤۙ(۲۴)
تو آدمی کو چاہیے اپنے کھانوں کو دیکھے (ف۲۳)

{فَلْیَنْظُرِ الْاِنْسَانُ اِلٰى طَعَامِهٖ: تو آدمی کو چاہیے اپنے کھانوں  کو دیکھے۔} اس سے پہلی آیات میں  اللّٰہ تعالیٰ کی وحدانیّت اور قدرت کے وہ دلائل بیان کئے گئے جو انسان کی اپنی ذات میں  موجود ہیں  اور اب اس عالَم میں  موجود ان چیزوں  کے ذریعے اللّٰہ تعالیٰ کی وحدانیّت اور قدرت کے دلائل بیان کئے جا رہے ہیں  جو انسان کی ضروریات ِزندگی میں  داخل ہیں  اور انسان اپنی زندگی گزارنے کے لئے ان چیزوں  کا      محتاج ہے۔چنانچہ اس آیت اور ا س کے بعد والی 8 آیات کا خلاصہ یہ ہے کہ ’’ آدمی کو چاہیے کہ وہ اپنے کھانے کی ان چیزوں  کو غور سے دیکھ لے جنہیں  وہ کھاتا ہے اور وہ چیزیں  اس کی زندگی اور حیات کا سبب ہیں  کہ ان میں  بھی اس کے رب عَزَّوَجَلَّ کی قدرت ظاہر ہے،انسان غور کرے کہ کس طرح وہ کھانے کی چیزیں  اس کے بدن کا حصہ بنتی ہیں  اور کس عجیب نظام سے وہ کام میں  آتی ہیں  اور کس طرح رب عَزَّوَجَلَّ وہ چیزیں  عطا فرماتا ہے ،کھانے کی یہ چیزیں  ملنے کا قدرتی نظام یہ ہے کہ اللّٰہ تعالیٰ نے بادل سے زمین پر اچھی طرح بارش کا پانی ڈالا کیونکہ پانی کھانے والی چیزوں  کی پیداوار کا ذریعہ ہے، پھر اس نے زمین کو خوب چیرا جس سے دانے کا کمزور پودا نمودار ہوتا ہے، اگر رب تعالیٰ زمین کو چیر نہ دیتا تو کمزور کو نپل باہر کیسے نکلتی، اور تمہارے فائدے کے لئے اس زمین سے اللّٰہ تعالیٰ نے گندم اور جَو وغیرہ اناج اُگایا جن سے غذا حاصل کی جاتی ہے اور زمین سے انگور، چارہ، زیتون ، کھجور ، گھنے باغیچے اورپھل پیدا کئے اور تمہارے چوپایوں  کے فائدے کے لئے گھاس پیدا کی، توغور کرو کہ جس رب تعالیٰ نے اپنے بندوں  پر احسان کرتے ہوئے انہیں  ایسی عظیم نعمتیں  عطا کی ہیں  ا س کی عبادت سے منہ پھیرنا اور اس پر ایمان لانے سے تکبر کرنا کسی عقلمند انسان کے شایانِ شان کس طرح ہو سکتا ہے۔( تفسیرکبیر، عبس، تحت الآیۃ: ۲۴-۳۲، ۱۱ / ۵۹-۶۱، خازن، عبس، تحت الآیۃ: ۲۴-۳۲، ۴ / ۳۵۴، مدارک، عبس، تحت الآیۃ: ۲۴-۳۲، ص۱۳۲۲، روح البیان، عبس، تحت الآیۃ: ۲۴-۳۲، ۱۰ / ۳۳۸-۳۳۹، ملتقطاً)

80:25
اَنَّا صَبَبْنَا الْمَآءَ صَبًّاۙ(۲۵)
کہ ہم نے اچھی طرح پانی ڈالا (ف۲۴)

80:26
ثُمَّ شَقَقْنَا الْاَرْضَ شَقًّاۙ(۲۶)
پھر زمین کو خوب چیرا،

80:27
فَاَنْۢبَتْنَا فِیْهَا حَبًّاۙ(۲۷)
تو اس میں اُگایا اناج،

80:28
وَّ عِنَبًا وَّ قَضْبًاۙ(۲۸)
اور انگور اور چارہ،

80:29
وَّ زَیْتُوْنًا وَّ نَخْلًاۙ(۲۹)
اور زیتون اور کھجور،

80:30
وَّ حَدَآىٕقَ غُلْبًاۙ(۳۰)
اور گھنے باغیچے،

80:31
وَّ فَاكِهَةً وَّ اَبًّاۙ(۳۱)
اور میوے اور دُوب (گھاس)

80:32
مَّتَاعًا لَّكُمْ وَ لِاَنْعَامِكُمْؕ(۳۲)
تمہارے فائدے کو اور تمہارے چوپایوں کے،

80:33
فَاِذَا جَآءَتِ الصَّآخَّةُ٘(۳۳)
پھر جب آئے گی وہ کان پھاڑنے والی چنگھاڑ (ف۲۵)

{فَاِذَا جَآءَتِ الصَّآخَّةُ: پھر جب وہ کان پھاڑنے والی چنگھاڑآئے گی۔} اب یہاں  سے قیامت کی ہَولْناکیاں  بیان کی جا رہی ہیں  کیونکہ انسان جب ان ہَولْناکیوں  کے بارے میں  سنے گا تو اس کے دل میں خوف پیدا ہو گا اور اسی خوف کی وجہ سے وہ دلائل میں  غورو فکر کرنے ،کفر سے منہ موڑ کر ایمان قبول کرنے، لوگوں  پر تکبر کرنا چھوڑ دینے اور ہر ایک کے ساتھ عاجزی واِنکساری کے ساتھ پیش آنے کی طرف مائل ہو گا۔چنانچہ اس آیت اور اس کے بعد والی 4 آیات کا خلاصہ یہ ہے کہ جب دوسری بار صور پھونکنے کی کان پھاڑدینے والی آواز آئے گی تو اس دن آدمی اپنے بھائی، اپنی ماں ، اپنے باپ ،اپنی بیوی اور اپنے بیٹوں  سے بھاگے گا اور ان میں  سے کسی کی طرف توجہ نہیں  کرے گا تاکہ ان میں  کوئی اپنے حقوق کا مطالبہ نہ کر لے اور ان میں  سے ہر ایک کو اس دن ایک ایسی فکر ہوگی جو اسے دوسروں  سے لاپرواہ کردے گی۔( تفسیرکبیر، عبس،تحت الآیۃ: ۳۳-۳۷، ۱۱ / ۶۱-۶۲، خازن، عبس، تحت الآیۃ: ۳۳-۳۷، ۴ / ۳۵۴-۳۵۵، ملتقطاً)

            حضرت عبداللّٰہ بن عباس رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُمَا سے روایت ہے،حضورِ اَقدس صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہ وَ سَلَّمَ نے ارشاد فرمایا’’قیامت کے دن تم ننگے پاؤں ، ننگے بدن اور بے ختنہ شدہ اٹھائے جاؤ گے۔ایک صحابیہ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی  عَنْہَا نے عرض کی: یا رسولَ اللّٰہ! صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہ وَ سَلَّمَ، کیا لوگ ایک دوسرے کے ستر کو بھی دیکھیں  گے؟ارشاد فرمایا: ’’اے فلاں  عورت!

’’لِكُلِّ امْرِئٍ مِّنْهُمْ یَوْمَىٕذٍ شَاْنٌ یُّغْنِیْهِ‘‘

ترجمۂکنزُالعِرفان: ان میں  سے ہر شخص کو اس دن ایک ایسیفکرپڑی ہوگی جو اسے (دوسروں  سے) بے پروا کردے گی۔

( ترمذی، کتاب التفسیر، باب ومن سورۃ عبس، ۵ / ۲۱۹، الحدیث: ۳۳۴۳)

80:34
یَوْمَ یَفِرُّ الْمَرْءُ مِنْ اَخِیْهِۙ(۳۴)
اس دن آدمی بھاگے گا اپنے بھائی،

80:35
وَ اُمِّهٖ وَ اَبِیْهِۙ(۳۵)
اور ماں اور باپ،

80:36
وَ صَاحِبَتِهٖ وَ بَنِیْهِؕ(۳۶)
اور جُورو اور بیٹوں سے (ف۲۶)

80:37
لِكُلِّ امْرِئٍ مِّنْهُمْ یَوْمَىٕذٍ شَاْنٌ یُّغْنِیْهِؕ(۳۷)
ان میں سے ہر ایک کو اس دن ایک فکر ہے کہ وہی اسے بس ہے (ف۲۷)

80:38
وُجُوْهٌ یَّوْمَىٕذٍ مُّسْفِرَةٌۙ(۳۸)
کتنے منہ اس دن روشن ہوں گے (ف۲۸)

{وُجُوْهٌ یَّوْمَىٕذٍ مُّسْفِرَةٌ: بہت سے چہرے اس دن روشن ہوں  گے۔} قیامت کا حال اوراس کی ہَولْناکیاں  بیان فرمانے کے بعد اب اس آیت اور ا س کے بعد والی 4آیات میں مُکَلَّف لوگوں  کی دو قسمیں  بیان کی جا رہی ہیں  ۔ (1)سعادت مند۔(2)بد بخت۔ جو لوگ سعادت مند ہیں  ان کا حال یہ ہو گا کہ قیامت کے دن ان کے چہرے ایمان کے نور سے یا رات کی عبادتوں  سے یا وضو کے آثارسے روشن ہوں  گے اور حساب سے فارغ ہونے کے بعد وہ اللّٰہ تعالیٰ کی نعمت ،اس کے کرم اور اس کی رضا پر ہنستے ہوئے خوشیاں  منارہے ہوں  گے اور جو لوگ بد بخت ہیں  قیامت کے دن ان کا حال یہ ہو گا کہ (ان کی بد عملیوں  کی وجہ سے) ان کے چہروں  پر گرد پڑی ہوگی اور (ان کے کفر کی وجہ سے) ان پر سیاہی چڑھ رہی ہوگی، یہ وہی کافر بدکارہیں  جن کے ساتھ ایسا سلوک کیا گیا۔( خازن، عبس، تحت الآیۃ: ۳۸-۴۲، ۴ / ۳۵۵)

80:39
ضَاحِكَةٌ مُّسْتَبْشِرَةٌۚ(۳۹)
ہنستے خوشیاں مناتے (ف۲۹)

80:40
وَ وُجُوْهٌ یَّوْمَىٕذٍ عَلَیْهَا غَبَرَةٌۙ(۴۰)
اور کتنے مونہوں پر اس دن گرد پڑی ہوگی،

  FONT
  THEME
  TRANSLATION
  • English | Ahmed Ali
  • Urdu | Ahmed Raza Khan
  • Turkish | Ali-Bulaç
  • German | Bubenheim Elyas
  • Chinese | Chineese
  • Spanish | Cortes
  • Dutch | Dutch
  • Portuguese | El-Hayek
  • English | English
  • Urdu | Fateh Muhammad Jalandhry
  • French | French
  • Hausa | Hausa
  • Indonesian | Indonesian-Bahasa
  • Italian | Italian
  • Korean | Korean
  • Malay | Malay
  • Russian | Russian
  • Tamil | Tamil
  • Thai | Thai
  • Farsi | مکارم شیرازی
  TAFSEER
  • العربية | التفسير الميسر
  • العربية | تفسير الجلالين
  • العربية | تفسير السعدي
  • العربية | تفسير ابن كثير
  • العربية | تفسير الوسيط لطنطاوي
  • العربية | تفسير البغوي
  • العربية | تفسير القرطبي
  • العربية | تفسير الطبري
  • English | Arberry
  • English | Yusuf Ali
  • Dutch | Keyzer
  • Dutch | Leemhuis
  • Dutch | Siregar
  • Urdu | Sirat ul Jinan
  HELP

عَبَس
عَبَس
  00:00



Download

عَبَس
عَبَس
  00:00



Download